لیونارڈو امیتابھ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں

لیونارڈو ڈی كیپريو اور امیتابھ بچن

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشن’امیتابھ بچن چھوٹے سے کردار کو بھی بہت محنت سے نبھاتے ہیں‘

امیتابھ شاندار اداکار

اس سال گولڈن گلوبز ایوارڈز میں بہترین مزاحیہ اداکار کا ایوارڈ جیتنے والے ہالی وڈ کے اداکار لیونارڈو ڈی كیپريو نے بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

’دی ولف آف وال سٹریٹ‘ کے لیے گولڈن گلوبز ایوارڈ جیتنے والے لیونارڈو کی فلم’دی گریٹ گیٹسبي‘ میں امیتابھ نے ایک چھوٹا سا رول کیا تھا۔

لیونارڈو کہتے ہیں ’امیتابھ بچن ایک شاندار اداکار اور اچھے شخص ہیں۔ اگر مجھے موقع ملے تو میں دوبارہ ان کے ساتھ کام کرنا چاہوں گا۔‘

اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں ’امیتابھ بچن ایک چھوٹے سے کردار کو بھی جس حوصلے کے ساتھ ادا کرتے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔‘

’دی گریٹ گیٹسبي‘ امیتابھ کی پہلی بین الاقوامی فلم تھی۔

عامر خان کے شو میں نیا کیا؟

عامر خان

،تصویر کا ذریعہsatyamev jayate

،تصویر کا کیپشناس شو میں بھی عامر خان کئی مسائل کو اٹھائیں گے

ٹی وی شو ’ستیہ میو جیتے‘ کا دوسرا حصہ جلد ہی شروع ہونے جا رہا ہے۔ پہلے ورژن کی طرح اس بار بھی شو میں عامر خان کئی مسائل کو اٹھاتے نظر آئیں گے۔

شو کی پہلی قسط میں عامر خان ممبئی کی ریپ متاثرین سے بات کرتے نظر آئیں گے۔

شو کی پہلی قسط کی شوٹنگ ممبئی کے یش راج سٹوڈیو میں شروع ہو چکی ہے۔

ستیہ میو جیتے میں کُل 12 اقساط ہوں گی اور یہ پروگرام تین حصوں میں پیش کیا جائے گا تاکہ شو میں اٹھائے جانے والے مسائل پر لوگ غور کر سکیں.

گتھی اب بنے گی چٹکی

سنیل گروور

،تصویر کا ذریعہsunil grover facebook page

،تصویر کا کیپشناس نئے شو میں چٹکی کا لُک گتھی جیسا ہی ہوگا

کلرز پر مشہور ٹی وی شو’ کامیڈی نائٹس ود کپل‘ میں گتھی بن کر اپنی شناخت بنانے والے اداکار سنیل گروور ایک دوسرے چینل پر ’چٹکی‘ بنے نظر آئیں گے۔

حال ہی میں سنیل نے کامیڈی نائٹس کو چھوڑا ہے۔ اب وہ اپنا کامیڈی شو کریں گے۔

سنیل کے شو کے پرومو جلد ہی شروع ہونے والے ہیں۔ ’چٹکی‘ کا لُک بالکل ’گتھی‘ جیسا ہی ہوگا۔

کہا جا رہا ہے کہ چٹکی کا شو کپل کے شو سے پہلے رات ساڑھے آٹھ بجے دکھایا جائے گا۔