امیتابھ بچن کی سکیورٹی میں اضافہ

بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں پولیس نے بالی ووڈ کے معروف سٹار امیتابھ بچن کے تینوں بنگلوں پر سکیورٹی بڑھا دی ہے۔
پولیس انتظامیہ نے یہ فیصلہ ان کے گھر کے باہر ہونے والے حالیہ مظاہروں کے پیشِ نظر کیا ہے۔
گذشتہ دنوں امیتابھ بچن مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کے ساتھ ایک پروگرام میں سٹیج پر ایک ساتھ نظر آئے تھے۔
اس کے بعد ممبئی میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو عاصم اعظمی نے کہا تھا کہ امیتابھ نے راج ٹھاکرے کے ساتھ پلیٹ فارم شیئر کر کے ’شمالی ہند کے باشندوں کے ساتھ فریب کیا ہے۔
اس کے بعد امیتابھ بچن کے گھر کے باہر سماج وادی پارٹی ہی نہیں، بلکہ بہوجن سماج پارٹی کے حامیوں نے بھی مظاہرے کیے۔
واضح رہے کہ یہ دونوں سیاسی جماعتیں بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اترپردیش میں خاصی مضبوط ہیں۔
جبکہ مراٹھی باشندوں کی سیاست کرنے والے راج ٹھاکرے ممبئی میں رہنے والے شمالی ہند کے باشندوں کے خلاف مہم کی سربراہی کرتے رہے ہیں۔
ممبئی میں جوہو پولیس تھانے کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ امیتابھ کے تین بنگلوں ’جلسہ،‘ ’انتظار‘ اور دفتر ’بانی‘ پر سکیورٹی بڑھا دی گئي ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سوناکشی کا اعتراف

ایک میگزین کے ساتھ انٹرویو میں بالی وڈ کی معروف اداکار سوناکشی سنہا نے یہ تسلیم کیا ہے کہ فلمی خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے انھیں بالی ووڈ میں آسانی سے داخلہ مل گیا۔
سوناكشي نے تسلیم کیا کہ ان کے والد شتروگھن سنہا کا اہم اداکار ہونا ان کے لیے مددگار ثابت ہوا۔
لیکن سوناكشي نے یہ بھی کہا کہ فلموں میں داخلہ ملنا ہی کافی نہیں ہوتا بلکہ اپنے آپ کو ثابت کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سخت محنت کر کے انھوں نے جو کامیابی حاصل کی ہے اس کا کریڈٹ ان کو ملنا ہی چاہیے۔
تاہم ابھی تک مسلسل کامیابی کا منھ دیکھنے والی اداکارہ کے لیے سنہ 2013 باکس آفس کے لحاظ سے بہت اچھا ثابت نہیں ہوا۔ ان کی فلم ’لٹیرا،‘ ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی - دوبارہ‘ اور ’بلٹ راجہ‘ جیسی فلمیں فلاپ ہو گئیں۔
صرف دسمبر میں ریلیز ہونے والی فلم ’آر راج کمار‘ ہی باکس آفس پر کامیابی حاصل کر سکی۔ اس میں ان کے ہیرو شاہد کپور تھے۔
دھوم تھری کی ریکارڈ ساز کمائی

بالی وڈ میں مسٹر پرفیکٹ کے نام سے موسوم عامر خان کی’دھوم 3‘ باکس آفس پر سب سے کم وقت میں 200 کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔
فلم کاروبار کے ماہرین کے مطابق ’دھوم 3‘ نے ریلیز کے نو دنوں کے اندر ہی بھارتی باکس آفس پر 200 کروڑ روپے کا ہندسہ پار کر لیا۔
اسی سال ریلیز ہونے والی ریتک روشن کی فلم ’كرش 3‘ کو اتنی کمائی کرنے میں نو دن اور شاہ رخ خان کی فلم ’چینئی ایکسپریس‘ کو 15 دن لگ گئے تھے۔
تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ’دھوم 3‘ بہ آسانی بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن سکتی ہے۔ اس وقت یہ ریکارڈ ’كرش 3‘ کے نام ہے جس نے ایک تخمینے کے مطابق مجموعی طور پر 244 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔







