ہالی وڈ اداکار جیمس گنڈولفینی انتقال کر گئے

امریکہ کے معروف اداکار جیمس گنڈولفینی جو فلم ’سوپرانوز‘ میں اپنے یادگار کردار کے لیے کافی مشہوررہے ان کا 51 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔
امریکہ کے ایچ بی او ٹی وی نٹورک نے بی بی سی کو بتایا کہ گونڈلفینی روم میں چھٹی منارہے تھے جب انہیں ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑا۔
امریکی شہر نیو جرسی میں پیدا ہونے والے اداکار اٹلی میں تھے۔ وہ سسلی میں منعقد ہونے والے ٹورمینا فلم فیسٹیول میں حصہ لینے والے تھے۔
یاد رہے کہ گنڈولفینی کو ٹونی سوپارنو کے کردار کے لیے تین ایمی ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔ اس میں انھوں نے اس میں مافیا باس کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے جرائم پیشہ اور نجی زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
ان کے منیجرز مارک آرم سٹرانگ اور نینسی سینڈرز نے بدھ کی شب اپنے ایک بیان میں کہا: ’انتہائی افسوس کے ساتھ ہم یہ خبر دے رہے ہیں ہمارے کلائنٹ گنڈولفینی نہیں رہے۔ وہ اٹلی کے شہر روم میں چھٹیاں گزارنے گئے تھے۔ ہمارے دل ان کی جدائی سے چور چور ہیں اور ہم ان کمی محسوس کریں گے۔‘
دوسری جانب ایچ بی او نے کہا کہ ’سوپرانو سیریز کے سٹار کی ہم بہت زیادہ کمی محسوس کریں گے‘۔

ایک بیان میں ایچ بی او نے کہا: ’وہ مخصوص شخصیت کے حامل تھے۔ زبردست صلاحیت کے مالک لیکن ان سب سے بڑھ کر وہ ایک شریف اور محبت کرنے والے انسان تھے اور سب کو یکساں عزت دیتے تھے خواہ اس کا عہدہ یا نام جو بھی ہو۔‘
گنڈولفینی 1961 میں نیوجرسی کے ویسٹ وڈ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ اطالوی نسل کے تھے۔ ان کی ماں سکول میں ڈنر تیار کرتی تھیں جبکہ ان کے والد پہلے اینٹ بناتے تھے بعد میں سکول کے کیئر ٹیکر بن گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گنڈولفینی گریجوئیشن کے بعد نیویارک منتقل ہو گئے اور 1992 میں انھیں فلم ’اے سٹریٹ کار نیمڈ ڈیزائر‘ میں ایک کردار نبھانے کا موقعہ ملا اور یہیں سے ان کا فلمی کیريئر شروع ہوا۔
اس کے اگلے سال آنے والی فلم ’ٹرو رومانس‘ میں انہیں ایک غنڈے کا کردار نبھایا۔ ان کی حالیہ فلموں میں ’دا لوپ‘، ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ اور ’کلنگ دیم سوفٹلی‘ شامل ہیں۔
انہیں براڈوے پروڈکشن کی فلم ’گاڈ آف کارنیج‘ کے لیے ٹانی تھیئٹر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
ان کے سوگواروں میں ان کی دوسری بیوی دیبورہ لن ہیں جن سے انھوں نے سنہ 2008 میں شادی کی تھی۔ لن ہوائی کی رہنے والی ہیں اور ماڈل رہ چکی ہیں۔
سوگواروں میں ایک بیٹا مائیکل ہے جو ان کی پہلی بیوی مارسی وڈارسکی سے پیدا ہوا۔







