افغانستان میں انجلینا جولی کا سکول

انجلینا جولي طویل عرصے سے اپنے فلاحی کاموں کے لیے جانی جاتی ہیں
،تصویر کا کیپشنانجلینا جولي طویل عرصے سے اپنے فلاحی کاموں کے لیے جانی جاتی ہیں

ہالی وڈ اداکارہ اور اقوامِ متحدہ کی خیر سگالی سفیر انجلينا جولي نے افغانستان میں جنگ سے متاثرہ بچوں کے لیے ایک سکول کھولا ہے۔

یہ سکول انجلینا کی فاؤنڈیشن ’ایجوکیشن پارٹنرشپ فار کنفلکٹ چلڈرن‘ کے تحت کھولا گیا ہے۔

کابل کے قریب واقع سینتیس سالہ جولي کا یہ سکول لڑکیوں کے لیے ہے جس میں 200 سے 300 طالبات پڑھ سکیں گی۔

انجلینا مزید ایسے سکول کھولنے کا منصوبہ رکھتی ہیں اور اس کے لیے وہ اپنے ڈیزائن کیے ہوئے زیورات بیچ کر فنڈ اکٹھے کریں گی۔

انجلينا کا کہنا ہے کہ ’ان زیورات کو ڈیزائن کرنے سے فنی لحاظ سے اطمینان کے علاوہ اس بات کی بھی خوشی ملتی ہے کہ ہم ضرورت مند بچوں کی مدد کر پا رہے ہیں۔‘

انہوں نے 2010 میں بھی مشرقی افغانستان کے علاقے میں ایک سکول کی تعمیر کے لیے فنڈ جمع کیا تھا۔

انجلینا جولي کی ویب سائٹ کے مطابق فروخت جانے والے زیورات میں ان کی تیار کی گئی انگوٹھی کے علاوہ 2010 میں فلم ’سالٹ‘ میں پہنےگئے سونے کے ہار بھی شامل ہیں۔

جولي طویل عرصے سے اپنے فلاحی کاموں کے لیے جانی جاتی ہیں اور انہوں نے 2010 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا۔