یش راج فلمز کا ٹی وی انڈسٹری میں قدم

یش راج فلم
،تصویر کا کیپشنیش راج فلم کئی بہترین فلمیں بنا چکی ہے
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی

بالی وڈ فلم انڈسٹری میں سب سے بڑی اور کامیاب فلمیں دینے والی کمپنی یش راج فلمز اب ٹیلی ویژن انڈسٹری میں قدم رکھ رہی ہے جو یقینا اس بات کا ثبوت ہے کہ انڈیا میں یہ انڈسٹری اب فلمی صنعت کے شانہ بشانہ چل رہی ہے۔

سن اسی کی دہائی میں جب ٹی وی انڈیا میں آیا تو صرف ڈی ڈی ٹی وی جو حکومت کے زیر انتظام تھا، خبریں اور چند ٹی وی سیرئیل شروع ہوئے۔ اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ ٹی وی انڈسٹری اتنی آگے بڑھ سکتی ہے۔

انڈیا میں ایک سو تیس ملین گھروں میں ٹی وی ہے اور اس وقت انڈین ٹیلی ویژن انڈسٹری ایشیاء کی دوسری سب سے بڑی انڈسٹری بن چکی ہے۔ سالانہ سات اعشاریہ دو بلین ڈالر کی اس انڈسٹری نے آخر کار بھارتی فلمی صنعت کی بڑی فلم کمپنی کو رِجھا ہی لیا۔

انیس سو ستر میں بنی اس فلمی کمپنی نے ’دل والے دلہنیا لےجائیں گے‘، ’ویر زارا‘، ’ہم تم‘ ، ’فنا‘، ’دھوم‘ اور ’نیویارک‘ جیسی کئی کامیاب فلمیں دی ہیں۔ کمپنی کے چیئرمین یش راج کپور نے سونی انٹرٹینمینٹ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ یکم جنوری سے سونی چینل پر پانچ نئے شوز شروع ہوں گے۔ چار شوز فکشن اور ایک نان فکشن شو ہوگا۔ جمعہ سے اتوار تک رات آٹھ بجے سے دس بجے کے درمیان ٹی وی سیرئیل دکھائے جائیں گے۔

کمپنی کے بانی فلمساز اور ہدایت کار یش راج کپور نے جب اس کا اعلان کیا تو اس موقع پر کہا تھا کہ ٹی وی انڈسٹری میں قدم رکھنے کے ساتھ ان کی کمپنی کی تاریخ میں تیسرا سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔ پہلا انہوں نے جب فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے بنائی، جس نے فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ برسوں تک تھیئٹر میں چلنے کا ریکارڈ بنایا اس کے بعد انہوں نے پہلا ڈجیٹیل سٹوڈیو بنایا اور اب وہ ٹی وی انڈسٹری میں قدم رکھ رہے ہیں۔

یش چوپڑا
،تصویر کا کیپشنیش چوپڑا یش راج فلم کے تحت کئی بہترین فلموں کے خالق ہیں

ریالٹی شو ’لفٹ کرادے‘ جس کے میزبان کرن جوہر ہیں۔ اس میں بیس بڑی فلمی ہستیاں شریک ہوں گی اور ان کے کسی ایک بڑے پرستار کو اس شو میں شریک ہونے کا موقع ملے گا۔

ماہی وے ، نئی نسل کی لڑکی کی کہانی ہو گی۔ رشتہ ڈاٹ کام سیرئیل میں ایک لڑکی اور لڑکے کی جوڑی لوگون کے لیے رشتہ تلاش کرنے کا کام کرتے ہیں۔ سیرئیل پاؤڈر تھرلر کہانی ہے منشیات اور اس سے جڑی زندگی کو بے نقاب کرے گی۔ سیرئیل جس کا نام سیون ہے البتہ سپیشل افیکٹ کے ساتھ سائنس فکشن ہو گی۔

یش راج کا دعوی ہے کہ ان کے یہ شوز زندگی سے قریب اور ناظرین کے لیے عام روش سے ہٹ کر ہوں گے۔ انہوں نے اپنے ٹی وی سیرئیل کی تشہیر کے لیے پندہ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ ٹی وی کے ذریعہ لوگوں کے گھروں تک پہنچنا آسان ہے اور اب بے حد منافع کی اس انڈسٹری میں فلمی کمپنیاں دھیرے دھیرے اپنا قدم جمانے کی کوشش میں ہیں۔

اب تک انڈین ٹیلی ویژن میں ایکتا کپور کی بالا جی ٹیلی فلمز کا بول بالا تھا۔ ہندستان کے ایک سو تیس ملین گھروں میں ساس بہو طرز پر بنے ٹی وی سیرئیل کی دھوم تھی۔ رفتہ رفتہ کلرز ٹی وی چینل نے بچپن کی شادی پر بنے سیرئیل ' بالیکا ودھو' اور رحم مادر میں ہی یا ان کےجنم کے بعد لڑکیوں کو ہلاک کرنے جیسے موضوعات پر سیرئیل بنا کر ایک نئی روش پیدا کی۔

کچھ عرصہ قبل فلمساز اور اداکار شاہ رخ خان نے بھی ٹی وی انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے اپنے پرانے سیرئیل فوجی کو نئے سرے سے بنانے کا اعلان بھی کیا تھا لیکن یہ پروجیکٹ عمل میں نہیں آسکا اور خان نے اسے بند کر دیا۔ توقع ہے کہ اس منافع بخش انڈسٹری میں یش راج فلمز کے نقش قدم پر دوسری فلمی کمپنیاں جلد ہی چلنے کی کوشش کریں گی۔