بالی وڈ ڈائری: شنایا کپور کو پہلی بالی وڈ فلم مل گئی، سشمیتا نے بتائی کام نہ ملنے کی وجہ

،تصویر کا ذریعہProdip Guha
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
اداکار سنجے کپور کی بیٹی شنایا کپور آخر کار اپنی پہلی بالی وڈ فلم حاصل کرنے میں کامیاب رہیں اور ان کی اس کامیابی کا سہرا کسی اور کو نہیں کرن جوہر کو جاتا ہے۔
حال ہی میں کرن نے سوشل میڈیا پر شنایا کے پوسٹر کے ساتھ اپنی نئی فلم ’بے دھڑک‘ کا اعلان کیا۔ شنایا کے ساتھ دو نئے اداکار لکشے اور گر فتح کا بھی ڈیبیو ہو رہا ہے۔
پوسٹر کے ساتھ اپنی پوسٹ میں کرن جوہر نے شنایا کی تعرف کرتے ہوئے لکھا ’پیش ہیں نمرِت کے کردار میں خوبصورت شنایا کپور میں بڑے پردے پر ان کی انرجی اور ٹیلنٹ دیکھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔‘
اس پوسٹر کو شنایا کے پاپا سنجے کپور نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو کرن جوہر کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں اور حال ہی میں نیٹ فلکس پر مادھوری ڈیکشت کے ساتھ ریلیز ہونے والی کرن جوہر کی ویب سیریز ’دی فیم گیم‘ کا حصہ ہیں۔

،تصویر کا ذریعہThe India Today Group
اس خبر کے عام ہوتے ہی سوشل میڈیا پر شنایا کے تایا انیل کپور، کزن ارجن کپور، سونم کپور، جھانوی کپور سبھی نے انھیں مبارکباد کے ساتھ نیک تمنائیں پیش کیں۔
ساتھ ہی شنایا کی ممی مہیپ کپور بھی بہت خوش ہیں اور انھیں جھولی بھر بھر کر دعائیں دے رہی ہیں جو کرن جوہر کی ویب سیریز ’فیبیولس لائف آف بالی وڈ وائفز‘ میں پہلے ہی کام کر چکی ہیں۔
ان کے علاوہ شنایا کے قریبی دوست سہانا خان اور اننیہ پانڈے بھی سوشل میڈیا پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہیں۔ اب انتظار ہے تو بس کنگنا کی پوسٹ کا جو کرن جوہر کو ’اقربا پروری کا سرغنہ‘ کہہ کر پکارتی ہیں۔
’میں آجکل بہت خوش ہوں‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہProdip Guha
جہاں تک اداکارہ اننیہ کپور کا تعلق ہے تو وہ آج کل دپیکا پادوکون کے ساتھ اپنی فلم ’گہرائیوں‘ کی کامیابی سے خوش ہیں اور اکثر اداکار ایشان کھٹر کے ساتھ نظر آتی ہیں ویسے ان کی اور ایشان کی دوستی کے بارے میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
اس ہفتے اننیہ یوٹیوب چینل بالی وڈ ببل میں اپنے مداحوں کے سوالوں کا جواب دے رہی تھیں کسی نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ سنگل ہیں تو اننیہ نے مسکراتے ہوئے اس سوال کو ٹالتے ہوئے کہا کہ وہ آج کل بہت خوش ہیں ساتھ ہی انھوں نے اپنے پسندیدہ اداکار، اچھے دوست اور بہترین کو سٹار کے حوالے سے صرف ایشان کا ہی نام لیا۔
اننیہ اور ایشان اکثر پارٹیوں اور تقریبات میں ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔ حال ہی میں ایشان کے بھائی شاہد کپور کی سالگرہ کے موقع پر بھی اننیہ موجود تھیں اور شاہد نے ان کی اور ایشان کی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
’مجھے نیٹ ورکِنگ نہیں آتی اس لیے کام نہیں ملتا‘

،تصویر کا ذریعہAFP Contributor
سابق حسینہ کائنات اور بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین تقریباً 10 سال تک بڑے پردے سے غائب رہنے کے بعد کچھ عرصہ پہلے ڈزنی ہاٹ سٹار پلس پر ایک ویب سیریز ’آریہ‘ میں مرکزی کردار میں نظر آئیں۔ اب اس سیریز کا دوسرا سیزن بھی آ چکا ہے۔
اس ہفتے فلم نقاد سچترہ تیاگی کے ساتھ ایک ویڈیو انٹرویو میں سشمیتا نے انڈسٹری سے 10 سال تک غائب رہنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں ایک آن سکرین عمر ہوتی ہے اور دوسرے آپ کی اپنی عمر جس کی وجہ سے انھیں ایسے کردار نہیں مل رہے تھے جیسے وہ چاہتی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
دوسرا یہ کہ وہ انڈسٹری میں نیٹ ورکِنگ کرنے کے معاملے میں اچھی نہیں ہیں ان سے نیٹ ورکِنگ نہیں ہوتی اس لیے بھی انھیں کام آفر نہیں ہوتا۔
سشمیتا نے مقابلہ حسن جیتنے کے بعد بالی وڈ میں کریئر کا آغاز کیا تھا اور 10 سال تک کام کرنے کے بعد وہ پڑے پردے پر نظر آنا بند ہو گئیں تھی۔
سشمیتا کا کہنا تھا ان دس سالوں میں انھیں سمجھ آ گیا ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتی ہیں اور کیا نہیں۔ حال ہی میں سشمیتا کا اپنے دوست رومن شال کے ساتھ بریک اپ ہوا ہے جس کا اعلان انھوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔








