بالی وڈ ڈائری: کترینہ رنبیر کے ساتھ دوبارہ کام کرنے سے انکاری کیوں؟

،تصویر کا ذریعہNDTV Movies
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
سری دیوی کی بات کا غلط مطلب
حال ہی میں اداکار سیف علی خان نے اپنی بیٹی سارہ علی خان کی بالی وڈ میں داخلے پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کوئی اور کام کیوں نہیں کرتیں فلمیں ہی کیوں۔
اس ہفتے سری دیوی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہ اپنی بیٹی جھانوی کپور کو فلمی دنیا کی بجائے شادی کر کے گھر بساتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہیں۔
سری دیوی کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے انھیں آڑے ہاتھوں لیا۔ جس کے بعد سری دیوی نے وضاحت پیش کرنے کی کوشش میں کہا کہ 'لوگوں نے میری بات کا غلط مطلب نکالا ہے۔ میرا مطلب یہ ہرگز نہیں تھا کہ لڑکیوں کی زندگی کا حاصل صرف شادی اور گھر گرہستی ہی ہوتا ہے۔'
انھوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی بیٹیاں بھی اپنے پیروں پر کھڑی ہوں اور صرف یہ کہنا چاہتی تھیں کہ شوبزنس ایک انتہائی مشکل اور مصروف رکھنے والا کام ہے اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی بیٹیاں مشکل کام کریں بلکہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک مستحکم اور پرسکون کریئر کے ساتھ زندگی گزاریں۔
ایسی ہی باتیں چھوٹے نواب نے بھی کی تھیں۔ انھوں نے بھی اپنی بیٹی سارہ کو ایک مستحکم کریئر اور آسان زندگی کا مشورہ دیا تھا۔
بالی وڈ میں دہائیاں گزارنے والے ان بڑے ستاروں کی جانب سے اپنے بچوں کے لیے ایسے مشورے اس کہاوت کی یاد دِلاتے ہیں کہ قبر کا حال مردہ ہی جانتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہJagga Jasoos
رنبیر کی تعریفیں، کترینہ کا انکار
رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی فلم 'جگا جاسوس' کیا آنے والی ہے کہ ہر اخبار اور میڈیا میں انھی کے چرچے ہیں۔ دونوں سوشل میڈیا پر بھی خاصے ایکٹیو ہیں۔ کبھی رنبیر کترینہ کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے ساتھ مزید فلمیں کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں تو کبھی کترینہ انھیں صاف انکار کرتی ہیں۔
اب پتہ نہیں کہ یہ سب حقیقت ہے یا پھر فلم کی پروموشن کا نیا انداز۔ بہرحال اینٹرٹینمینٹ ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے ساتھ بات چیت میں رنبیر کے کافی تفصیل میں کترینہ کے بارے میں باتیں کیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رنبیر کا کہنا تھا کہ انھوں نے کترینہ کے ساتھ جو فلمیں کی ہیں ان کی کامیابی کا سہرا صرف کترینہ کے سر ہے کیونکہ کترینہ چاہتی تھیں کہ وہ ایک اچھے اداکار بن کر ابھریں۔
رنبیر کا کہنا تھا کہ فلم جگا جاسوس میں کترینہ کی اداکاری آپ کو چونکا دے گی اور یہ ان کی اب تک کی سب سے بہترین پرفارمنس ہوگی۔
اب اگر کترینہ کی اداکاری کے حوالے سے رنبیر کا باتوں کا جائزہ لیا جائے تو آج کی تاریخ میں یہ کہنا بھی ٹھیک نہیں ہوگا کہ پیار اندھا ہوتا ہے اور جہاں تک دونوں کے ایک بار پھر ساتھ کام کرنے کا تعلق ہے تو کترینہ جو سلمان خان کے ساتھ بریک اپ کے بعد پھر سے کام کرنے کے لیے تیار ہو گئی تھیں، انھوں نے رنبیر کے ساتھ دوبارہ کام کرنے سے انکار کر دیا۔ کیوں؟

،تصویر کا ذریعہMensXP.com
جس جس کا نام سیجل ہے
بھارتی سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن کے چیئرپرسن پہلاج نہلانی میڈیا سے خاصے ناراض ہیں۔ حالانکہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میڈیا اور تمام ٹی وی چینلز سینسر بورڈ کی اجازت کے بغیر ہی شاہ رخ حان کی فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' کے ٹریلرز دکھا رہے ہیں۔
پہلاج نہلانی کو ٹریلرز میں استعمال ہونے والے کچھ الفاظ پر اعتراض ہے۔ ان کا اعتراض شاید اتنا دلچسپ نہیں جتنی اس فلم کی پروموشن۔
فلم میں ہیروئن یعنی انوشکا شرما کا نام سیجل ہے اور شاہ رخ خان نے بھارت کی تمام لڑکیوں سے اپیل کی ہے کہ جس جس کا نام سیجل ہے وہ ان سے رابطہ کریں وہ خود اس شہر میں جائیں گے جہاں سب سے زیادہ سیجل نام کی لڑکیاں ہوں گی۔
پھر کیا تھا دیکھتے ہی دیکھتے احمد آباد شہر سے بے شمار لڑکیوں نے رابطہ کیا جن کا نام سیجل تھا اور شاہ رخ نے اپنا وعدہ نبھاتے ہوئے احمد آباد جا کر ان خواتین سے ملاقات کرتے ہوئے فلم کا نیا گانا ان کے درمیان ریلیز کیا۔








