بولی وڈ ڈائری: سونو نگم دیر سے ایوارڈ ملنے پر کیا کہتے ہیں، اور عالیہ بھٹ ایک نئے انداز و کردار میں

سونو نگم

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL

،تصویر کا کیپشنسونو نگم کو ملک کے اعلی اعزاز پدم شری سے نوازہ گیا ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

’اگر محمد رفیع صاحب نہ ہوتے تو شاید آج میں اس مقام پر نہ ہوتا جہاں آج ہوں کیونکہ میں رفیع صاحب کو سن سن کر ہی گلوکار بنا ہوں۔’

یہ کہنا ہے انڈیا کے مشہور گلوکار سونو نگم کا جنھیں حال ہی میں ملک کے اعلیٰ اعزاز پدم شری سے نوازا گیا ہے۔ سونو نگم نے ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے ساتھ ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ رفیع صاحب جس معیار کے گلوکار تھے اس میعار تک پہنچنا مشکل ہے اور میں کبھی بھی اُن کے مقابلے میں نہیں آ سکتا کیونکہ ’استاد استاد ہی ہوتا ہے۔‘

پدم شری ملنے کے بارے میں سونو نگم کا کہنا تھا کہ وہ یہ اعزاز لینا ہی نہیں چاہتے تھے کیونکہ بقول ان کے اُنھیں یہ اعزاز پہلے ہی مل جانا چاہیے تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے یہ اعزاز لینے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ یہ ان کی محنت کا نتیجہ ہے بھلے ہی تاخیر سے ملا ہو۔

فلموں میں گانے نہ گانے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے جو مقام حاصل کیا ہے اس کے بعد وہ گانوں کے لیے بھیک نہیں مانگ سکتے کیونکہ آج بالی ووڈ کا جو چلن ہے اس میں ایک ہی گانا کئی گلوکاروں سے ریکارڈ کروایا جاتا ہے اور پھر ان میں سے کسی ایک کا گانا فلم میں شامل کیا جاتا ہے اور وہ ایسا نہیں کر سکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ بھیک کی لائن میں لگنے جیسا ہے۔

راکھی ساونت

،تصویر کا ذریعہThe India Today Group

،تصویر کا کیپشنراکھی ساونت حال ہی میں بگ باس میں نظر آئی تھیں

'کسی نے چھوا تو 500 کروڑ کا کیس کر دوں گی‘

بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت حال ہی میں ٹی وی ریئلٹی شو بگ باس میں دھوم مچاتی نظر آئی تھیں۔

راکھی ساونت بگ باس کی ان کی ساتھی اور اداکارہ شمیتا شیٹی کی سالگرہ کی پارٹی سے باہر نکل رہی تھیں جہاں بے شمار فوٹو گرافر سب کی تصاویر اتار رہے تھے۔

راکھی بھی پوز بنا بنا کر اپنی تصاویر بنوانے لگیں تبھی ایک منچلے فوٹو گرافر نے فقرہ کسا کہ راکھی جی آپ نے تو نورہ فتحی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ جواب میں راکھی نے کہا ’آئی لو نورہ‘۔

اس کے بعد فوٹو گرافر ان کی مزید تصاویر لینے انکے نزدیک پہنچے تو راکھی نے اُنھیں خبرار کرتے ہوئے کہا ’اگر تصویر لیتے ہوئے آپ میں سے کسی نے مجھے چھو لیا تو میں پانچ سو کروڑ کا کیس کر دوں گی۔‘

راکھی چاہے آن سکرین ہوں یا آف سکرین اپنے اس طرح کے چلبلے کمنٹس اور مزاحیہ انداز کے لیے مشہور ہیں۔

کنگنا رناوت

،تصویر کا ذریعہProdip Guha

،تصویر کا کیپشنکنگنا رناوت کی فلم تھلائیو زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائی

کچھ لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ آخر کنگنا رناوت کو اتنا غصہ کیوں آتا ہے، کبھی کرن جوہر پر تو کبھی سلمان خان پر، کبھی عالیہ بھٹ پر تو کبھی دپیکا پادوکون پر یہاں تک کہ خود اپنی فلم فلاپ ہونے پر بھی وہ دوسروں پر ہی برس پڑتی ہیں۔

اس بار دپیکا اور ان کی پی آر ٹیم کنگنا کے عتاب کا شکار ہوئی۔ بالی ووڈ میں ’کونٹروورشیل کوئن‘ کہی جانے والی کنگنا نے بھی اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم کا رخ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایکتا کپور کے ساتھ ایک شو شروع کیا ہے جس کا نام ہے ’لاک اپ۔‘

شو کی پروموشنل تقریب میں ایک صحافی نے کنگنا سے حال ہی میں دپیکا کے لباس کے حوالے سے کیے جانے والے کمنٹس پر تنازع کے بارے میں سوال کر ڈالا۔

پھر کیا تھا، کنگنا راشن پانی لیکر اس صحافی پر دوڑ پڑیں۔ ساتھ ہی دپیکا اور ان کی ٹیم پر الزام لگا ڈالا کہ اُنھوں نے جان بوجھ کر ایسے صحافی کو ان کی اس تقریب میں ’پلانٹ‘ کیا ہے تاکہ عنقریب ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’گہرائیاں‘ کی تشہیر ہو۔

کنگنا رناوت

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL

،تصویر کا کیپشنکنگنا رناوت اپنے نئے شو کا پروموشن کر رہی تھیں

کنگنا نے کہا کہ وہ ان لوگوں کا دفاع کرتی ہیں جو خود اپنا دفاع نہیں کر سکتے اور وہ یہاں ان کی فلم کی تشہیر کرنے نہیں بیٹھی ہیں۔

حالانکہ وہاں دپیکا کی فلم کا کوئی ذکر نہیں ہوا تھا پھر بھی کنگنا نے صحافی کو پریس کانفرنس سے جانے کے لیے کہا۔

اس کے بعد دوسرے ایک صحافی نے گھما پھرا کر اسی طرح کا سوال کرنے کی کوشش کی تو کنگنا اور بھی بھڑک گئیں۔ لگتا ہے کچھ صحافی بھی کنگنا کی اس عادت سے محظوظ ہوتے ہوئے جان بوجھ کر اس طرح کے سوال کرتے ہیں اور کنگنا کو غصہ آجاتا ہے۔

حالانکہ وہاں موجود ایکتا کپور نے صورتِ حال کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن کنگنا کو سنبھالنا شاید ان کے بس کی بھی بات نہیں تھی۔

حال ہی میں کاپی رائٹر فریڈی برڈی کی جانب سے دپیکا کے لباس پر کمنٹس سے تنازع پیدا ہو گیا تھا۔ فریڈی برڈی سوشل میڈیا پر خاصے مشہورہیں۔ بعد میں سوشل میڈیا پر ہی دپیکا کے مداحوں نے اُنھیں کافی ٹرول کیا۔

عالیہ بھٹ

،تصویر کا ذریعہALIA BHATT/TWITTER

،تصویر کا کیپشنعالیہ بھٹ کی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی اسی ماہ رلیز ہونے والی ہے

سادہ اور معصوم سے لے کر پیچیدہ اور مشکل کردار نبھانے والی عالیہ بھٹ ایک بار پھر بالکل نئے انداز اور کردار میں نظر آئیں۔

اسی جمعے کو ان کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا جس میں عالیہ کو ایک ایسی طاقتور شخصیت کے روپ میں متعارف کروایا گیا، ایک ایسی معصوم لڑکی جسے زبردستی جسم فروشی کے دھندے میں دھکیلا گیا جو بعد میں اپنے حالات سے اوپر اٹھ کر ایک طاقت ور شخصیت کا روپ اختیار کرتی ہے ایک ایسی شخصیت جس نے شرم کو فخر میں تبدیل کیا۔

سنہ 1960 کی دہائی کی یہ کہانی مصنف حسین زیدی کی کتاب ’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ کے ایک باب سے لی گئی ہے۔ فلسماز سنجے لیلی بھنسالی کی اس فلم کا پریمئیر 72 ویں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوگا اور 25 فروری کی فلم تھیئٹرز میں ریلیز کی جائے گی۔