عالیہ بھٹ کرن جوہر کو گرو مانتی ہیں: ’کٹھ پتلی کہلانے میں کوئی شرمندگی نہیں‘

،تصویر کا ذریعہALIA BHATT/TWITTER
- مصنف, مدھو پال
- عہدہ, بی بی سی کے لیے ممبئی سے
بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی کامیابیوں کا پرچم ان دنوں چہار جانب لہرا رہا ہے۔
گذشتہ چند سالوں کے دوران ان کی کئی ہٹ فلمیں سامنے آئيں جن میں 'ہائی وے'، 'ہمٹی شرما کی دلھنیا'، 'کپور اینڈ سنز'، 'اڑتا پنجاب'، 'بدریناتھ کی دلہنیا'، 'راضی' اور 'گلی بائے' جیسی فلمیں شامل ہیں۔
اپنی اداکاری کی بنیاد پر خواہ عالیہ نے فلم انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنا لی ہے لیکن بعض حلقے سے ان پر طنز کیا جاتا ہے کہ وہ فلم ساز کرن جوہر کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی ہیں۔
عالیہ کے بارے میں یہ باتیں عام طور پر کہی جاتی ہیں کہ وہ کرن جوہر کی مرضی کے بغیر کوئی فلم یا اہم فیصلہ نہیں کرتیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہTWITTER/ KARAN JOHAR
ان باتوں کا مجھ پر کوئی اثر نہیں
اس کے متعلق عالیہ بھٹ نے بی بی سی کے ساتھ ایک خاص انٹرویو میں کہا: 'ہم کسی کو اپنا گرو (استاد) اس لیے تسلیم کرتے ہیں کہ وہ ہم سے بہتر ہوتے ہیں اور وہ ہمیشہ ہم سے آگے ہی رہیں گے۔‘
'کرن نے مجھے اپنی صلاحیت کے اظہار کا پہلا موقع دیا اور جو آپ کو پہلا موقع دیتا ہے اس کے لیے آپ کے دل میں بہت احترام رہتا ہے۔ ایسے میں اگر لوگ مجھے ان کی کٹھ پتلی کہتے ہیں تو مجھے برا نہیں لگتا۔ مجھ پر ان باتوں کا کوئی اثر نہیں۔'
عالیہ کا کہنا ہے کہ اگر کٹھ پتلی ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ اپنے گرو کی عزت کرتے ہیں تو انھیں اس میں کوئی شرمندگی نہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
مشتعل کرنے کی غرض
گذشتہ چھ سالوں میں عالیہ بھٹ کی زیادہ تر فلمیں کامیاب رہی ہیں۔ اس کے باوجود لوگ ان پر ایک ہی ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔
اس بات پر عالیہ نے کہا: 'میرے ذہن میں یہ سوال گردش کرتا ہے کہ ایسا کیوں کہا جا رہا ہے؟ مجھے کئی ڈائریکٹرز فلم کی پیشکش کر رہے ہیں، ناظرین بھی پسند کرتے ہیں یعنی میں نے ضرور بہتر کام کیا ہے۔ کٹھ پتلی جیسے الفاظ آپ کو مشتعل کرنے کے لیے کہے جاتے ہیں اور میں ان باتوں سے مشتعل نہیں ہوتی۔'
کبھی کبھی ڈپریشن محسوس ہوتا ہے
آج کل کی زندگی میں ڈپریشن ایسی بیماری بن گئی ہے جن کی زد میں عام لوگ ہی نہیں بلکہ بہت سی معروف شخصیتیں بھی آئی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہALIA BHATT/TWITTER
حیرت اس وقت ہوتی ہے کہ بالی وڈ کے سٹارز جن کے لاکھوں مداح ہوتے ہیں تاہم وہ تنہائی اور اکیلے پن کا شکار ہو جاتے ہیں۔
دیپکا پاڈوکون نے اکثر اپنے ڈپریشن کا ذکر کیا ہے اور اب عالیہ بھی اس پر کھل کر بات کرتی نظر آ رہی ہیں۔
عالیہ نے کہا: 'ایک وقت تھا جب میں بیک وقت دو مختلف تجربات کے ساتھ زندگی بسر کر رہی تھی۔ کبھی خوش اور کبھی غمگین۔ زیادہ تر خوش رہنے کی کوشش کرتی لیکن غمگین ہوتی تو اس کا سبب نہیں جان پاتی۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
'آج بھی کبھی کبھی ڈپریشن محسوس کرتی ہوں لیکن اس کا سبب نہیں جانتی۔ جب آپ اندر سے ٹوٹ جاتے ہیں تو آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ آپ ڈپریشن میں ہیں۔ اسے چھپانے کی ضرورت نہیں۔'
انھوں نے مزید کہا: 'ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ہم ڈپریشن میں ہیں اور اسے چھپانے کے بجائے اپنے خاندان کو بتائیں۔ اپنے دوستوں سے دل کی بات کرنی چاہیے۔ میری بہن اس سے گزر چکی ہیں۔'
بہر حال عالیہ کا کہنا ہے کہ 'جو کچھ میرے ساتھ ہوتا ہے وہ ڈپریشن نہیں ہے کیونکہ میں چند دنوں تک ہی اکیلاپن محسوس کرتی ہوں۔ اپنے اس اکیلے پن کو دور کرنے کے لیے اپنے خاندان والوں اور دوستوں سے ملتی ہوں اور ان کے ساتھ اپنی باتیں شیئر کرتی ہوں۔'
عالیہ کی آنے والی ملٹی سٹارر فلم 'کلنک' ان دنوں سرخیوں میں ہے۔ اس فم میں عالیہ کے علاوہ سنجے دت، سوناکشی سنہا، ادتیہ رائے کپور، ورون دھون اور مادھوری دکشت وغیرہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔











