عابدہ پروین اور نصیبو لال کے ’تو جھوم‘ کے ساتھ کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا آغاز: ’نصیبو لال پاکستان میں نور جہاں کی کمی کو پورا کرتی ہیں‘

نصیبو لال، عابدہ پروین

،تصویر کا ذریعہNADIR FIROZ KHAN FOR COKE STUDIO SEASON 14

’یہ فقر ہے، یہ عجز ہے، یہ درویشی ہے کیونکہ یہ عابدہ ہیں، عابدہ پروین۔۔۔ عابدہ پروین تو بڑی سٹار ہیں اور ان کے چاہنے والے بھی بہت ہیں لیکن اس ویڈیو میں سب سے اہم نصیبو لال ہیں۔۔۔ جو سادہ اور خوبصورت دل نصیبو لعل کو اللہ نے دیا ہے کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے اور عابدہ پروین نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ بڑی خاتون ہیں اور بڑے لوگ ایسے ہی ہوتے ہیں۔‘

’یہ عجز کہاں چلا گیا؟ آنے والے دور میں تو نایاب چیزوں میں شمار رکھیں گے ان اطوار کو۔ مذہبی مبلغ تیکھے اور فنکار میٹھے۔۔۔ کمال ہی ویڈیو دکھا دی۔۔۔‘

یہ معروف گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال کے کوک سٹوڈیو سیزن 14 کے سیٹ پر ملنے والی 44 سیکنڈز کی ویڈیو پر آنے والے تبصرے ہیں۔

کوک سٹوڈیو سیزن 14 کی شروعات میں عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے ’جھوم تو‘ کے علاوہ سیٹ پر دونوں فنکاروں کے ملنے کی اس ویڈیو کو بھی سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔

’اجازت ہے نا میڈیم جی‘

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عابدہ پروین جیسے ہی سیٹ میں داخل ہوتی ہیں ان کی نظر نصیبو لال پر پڑتی ہے اور وہ انھیں بیٹھے رہنے کا کہتی ہیں مگر نصیبو پھر بھی اٹھنے کی کوشش کرتی نظر آ رہی ہیں۔

اس لمحے عابدہ پروین ان کا ہاتھ پکڑ کر چومتی ہیں اور انھیں بٹھا دیتی ہیں جس پر نصیبو اپنے اردگرد کے لوگوں سے کہتی نظر آتی ہیں ’یہ دیکھیں‘۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

اس کے بعد نصیبو یہ کہتے ہوئے اٹھ جاتی ہیں کہ ’مجھے اچھا نہیں لگتا‘ جس پر عابدہ کہتی ہیں ارے نہیں نہیں، اللہ مجھے معاف کرے۔‘ جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کو گلے لگا کر ملتی ہیں۔

پھر جب عابدہ پروین اپنے سیٹ کی جانب قدم بڑھاتی ہیں، پیچھے سے نصیبو لال ہاتھ جوڑ کر ان سے گانے کی اجازت مانگتے ہوئے کہتی ہیں ’اجازت ہے نا میڈیم جی‘ جس پر عابدہ پروین بھی ان سے اجازت مانگتی ہیں۔

’عابدہ جی نے میری بڑی عزت کی، مجھے بڑا پیار دیا‘

بی بی سی کی منزہ انوار سے بات کرتے ہوئے نصیبو لال کا کہنا تھا کہ اگرچہ انھوں نے اس سے قبل بھی کوک سٹوڈیو کے لیے گایا ہے مگر ’عابدہ پروین کے ساتھ گانے کا تجربہ بہت پیارا رہا اور مجھے بہت اچھا لگا۔‘

یاد رہے کہ نصیبو لال اس سے قبل بھی کوک سٹوڈیوکے سیزن نائن میں گا چکی ہیں۔

گذشتہ اور حالیہ تجربے میں کیا فرق رہا؟ اس بارے میں مزید بتاتے ہوئے نصیبو لال کہتی ہیں کہ ’جب میں نے ’ساسو مانگے ککڑی‘ گایا تھا، اس وقت بھی اچھا لگا تھا مگر عابدہ جی کے ساتھ جو گایا اس میں لوگ تھوڑا زیادہ تعریف کر رہے ہیں۔‘

NADIR FIROZ KHAN FOR COKE STUDIO SEASON 14

،تصویر کا ذریعہNADIR FIROZ KHAN FOR COKE STUDIO SEASON 14

عابدہ پروین سے مل کر بعد میں ان کے ساتھ گانے کا تجربہ کیسا رہا؟

نصیبو لال کہتی ہیں ’عابدہ جی مجھ سے سینئیر ہیں اور مجھ سے بڑی بھی ہیں لیکن انھوں نے میری بڑی عزت کی، مجھے بڑا پیار دیا۔‘

نصیبو لال کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے تو وہ خدا کی شکر گزار ہیں اور ’اس کے بعد عوام ہی ہیں جنھوں نے مجھے نصیبو لال بنایا ہے۔‘

یاد رہے کہ نصیبو لال نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کا گانا ’گروو میرا‘ بھی گایا تھا جس کے بعد ان کی آواز کی بہت تعریف کی گئی تھی۔

نصیبو کہتی ہیں ’گروو میرا بھی زلفی صاحب نے کروایا تھا اور اب یہ کوک سٹوڈیو کا گانا بھی انھوں نے ہی کروایا اور وہ ان کی بہت شکرگزار ہیں۔‘

NADIR FIROZ KHAN FOR COKE STUDIO SEASON 14

،تصویر کا ذریعہNADIR FIROZ KHAN FOR COKE STUDIO SEASON 14

’نصیبو لال پاکستان میں نور جہاں کی کمی کو پورا کرتی ہیں‘

پاکستان اور ہمسایہ ملک انڈیا کے علاوہ دنیا بھر میں کوک سٹوڈیو کے مداح موجود ہیں جنھیں پاکستانیوں کی طرح نئے سیزن کا انتظار رہتا ہے۔

گذشتہ روز کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا آغاز معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال کے کلام ’تو جھوم‘ کے ساتھ ہوا جس کی موسیقی ذوالفقار خان عرف زلفی نے ترتیب دی ہے اوراس کے پروڈیوسرز میں زلفی اور موسیقار عبداللہ صدیقی شامل ہیں۔

اس سیزن کا پہلا گانا ’تو جھوم‘ دنیا بھر کے شائقین کو بہت پسند آ رہا ہے اور اس وقت بھی پاکستان میں ہیش ٹیگ cokestudio14 #TuJhoom ،#AbidaParveen اور #NaseeboLal ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہیں۔

صباحت زکریا ’تو جھوم‘ گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’نصیبو لال پاکستان میں نور جہاں کی کمی کو پورا کرتی ہیں۔‘

سعد قیصر نے ٹویٹ کیا کہ ’آج وہ سب لوگ کہاں ہیں جنھوں نے پی ایس ایل کے ’گروو میرا‘ پر نصیبو لال کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کا مذاق اڑایا تھا؟ میں آپ کو بتاتا ہوں وہ سب کے سب اپنے اپنے غاروں میں ہیں کیونکہ نصیبو نے ابھی تاریخ کے سب سے خوبصورت گانوں میں سے ایک گایا۔‘

@sabizak

،تصویر کا ذریعہ@sabizak

اس گانے کی تعریفوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر نصیبو لال اور عابدہ پروین کے سیٹ پر ملنے والی ویڈیو پر بھی تبصرے ہو رہے ہیں۔

غازی تیمور نے ان الفاظ کے ساتھ یہ ویڈیو ٹوئٹر پر شئیر کی ’یہ کیسا لمحہ تھا! عابدہ جی ’جھوم ٹو‘ کے سیٹ پر پہنچیں۔‘

وہ لکھتے ہیں ’تو جھوم‘ عاجزی اور انکساری سے متعلق ہے اور میں اس بات پر حیران ہوں کہ نصیبو لال اور عابدہ جی کا ملنا کس بہترین انداز میں اس گانے کے الفاظ کی عکاسی کرتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

اسی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ماہ پارہ بخاری کہتی ہیں ’صرف جوہری ہی دوسرے کی قدر و قیمت جان سکتا ہے یہ ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔‘

عمران رحمان اس لمحے کے متعلق لکھتے ہیں 'بہت خوبصورت منظر ہے, عابدہ پروین شفقت اور محبت سے نصیبو کو بیٹھے رہنے کا کہہ رہی ہیں اور وہ مارے احترام سیدھی کھڑی بھی نہیں ہو پا رہیں۔‘

محمد علی کے مطابق عابدہ پروین لیجنڈری گلوکار اور اس سے بڑھ کر ایک عظیم انسان ہیں۔

وہ کہتے ہیں ’سُر کی عزت اور سُریلے کا احترام ان کی اصول پسند شخصیت کا ایک روشن پہلو ہے اور نصیبو لال کو عابدہ پروین سے جو احترام ملا، یہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔‘

vshnvisingh

،تصویر کا ذریعہ@vshnvisingh

فیصل مجیب لکھتے ہیں ’احترام کی معراج۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوں کہ وہ اپنے سے جونیئر آرٹسٹ سے کس طرح ملیں۔۔۔عابدہ جی آپ عظیم ہیں۔‘

ایک اور صارف نے ٹویٹ کیا کہ نصیبو لال صاحبہ نے جیسے عابدہ پروین صاحبہ کو عزت دی تو یہ دیکھ کر اچانک ذہن میں آیا ’با ادب با مراد۔‘