آرین خان کی ضمانت کی درخواست مسترد: ہریتک روشن کی جانب سے ’حوصلہ افزائی‘، کنگنا رناوت کی آرین کے حمایتیوں پر تنقید

آرین خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنانڈیا کی ایک عدالت نے شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کیا ہے

ممبئی کی ایک عدالت نے منشیات کیس میں آرین خان سمیت دو افراد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

ممبئی کے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عدالت نے آریان خان، ارباز خان اور منمون دھمیچا کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی ہیں۔

نارکوٹکس کنٹرول بورڈ نے آرین سمیت چھ مرد ملزمان کو آرتھر روڈ جیل بھیجا ہے جبکہ دونوں خاتون ملزمان کو بائیکلا جیل بھیجا گیا ہے۔

اس سے پہلے عدالت نے جمعرات کو آرین خان سمیت آٹھ افراد کے ریمانڈ میں مزید توسیع کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کیا تھا۔ این سی بی نے ملزمان کی تحویل میں توسیع کی درخواست کی تھی لیکن عدالت نے اسے مسترد کر دیا تھا۔

گذشتہ اتوار کو شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو انڈیا میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی) نے منشیات خریدنے اور استعمال کرنے کے الزامات کے تحت ایک ’ریو پارٹی‘ سے گرفتار کیا تھا۔ اس دن سے آرین خان کا نام مختلف وجوہات کی بنا پر سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔

انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق جمعرات کو ہونے والی سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کی جانب سے پیش ہونے والے سرکاری وکیل ادویتھ سیتھن نے عدالت کو بتایا کہ آچت کمار نامی شخص کو منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’آچت کمار کا نام دوران تفتیش سامنے آیا تھا اور ان کی گرفتاری سے اس مقدمے کی تفتیش میں مدد ملے گی۔‘

عدالت کی جانب سے آچت کمار کا جوڈیشل ریمانڈ نو اکتوبر تک منظور کیا گیا ہے۔

ایک طرف تو عدالتی کارروائی معمول کے مطابق جاری ہے تو دوسری جانب انڈیا میں سوشل میڈیا پر آرین خان ہی موضوع بحث ہیں۔ جہاں ان کی گرفتاری پر بالی وڈ اداکار ان کی حمایت اور مخالفت میں اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں وہیں سوشل میڈیا صارفین بھی اس بحث میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ ’ریلیز آرین خان‘ کے تحت بھی گرما گرم بحث کی جا رہی ہے اور جہاں شاہ رخ خان کے مداح آرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہیں کچھ افراد ’دہرے معیار‘ پر بھی بات کر رہے ہیں۔

چند روز قبل سنیچر کی رات ممبئی کے ساحل سے دور ایک کروز یعنی ایک قسم کے بحری جہاز پر ’ریو پارٹی‘ میں یہ افراد شریک تھے، اس پارٹی میں مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا گیا۔

آرین خان، ارباز مرچنٹ اور منمن دھمیچا کے علاوہ جن دیگر لوگوں سے اس بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، ان میں نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جیسوال، وکرانت چوکھر اور گومت چوپڑا شامل ہیں۔

این سی بی کے سربراہ ایس این پردھان نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا تھا کہ 'یہ پوچھ گچھ کئی ہفتوں سے جاری ایک مشکل تفتیش کے نتیجے میں کی گئی۔'

ان کے مطابق ’ہم نے خاص انٹیلیجنس اطلاعات پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اس معاملے میں بالی وڈ سے بھی کچھ تانے بانے جا ملے ہیں۔‘

ہریتک کی ’حوصلہ افزائی‘ لیکن کنگنا رناوت کی تنقید

کنگنا رناوت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

فلم سٹار ہریتک روشن نے آرین کی حوصلہ افزائی کے لیے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی لیکن اس کے فوراً بعد اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی اس حوالے سے سوال اٹھا دیا۔

ہریتک روشن نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پیارے آرین، زنگی ایک عجیب سفر ہے، یہ اس لیے مزیدار ہے کیونکہ اس میں غیر یقینی کا عنصر موجود ہے۔ یہ اس لیے بھی مزیدار ہے کیونکہ اس میں آپ پر مشکلات بھی آتی ہیں، لیکن خدا مہربان ہے۔ وہ صرف اپنے سب سے مضبوط بندوں کو کڑے امتحان میں ڈالتا ہے۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’غصہ، الجھاؤ، اور بے یارومددگار ہونا وہ عوامل ہیں جو یقیناً آپ اس وقت محسوس کر رہے ہوں گے۔ یہی عوامل آپ کے اندر کا ہیرو جگانے کے کام آتے ہیں لیکن خیال رہے کہ یہی عوامل آپ کے اندر کی اچھائی کو بھی ختم کر سکتے ہیں۔ اپنے آپ کو اس سے زیادہ متاثر نہ ہونے دینا۔‘

Instagram پوسٹ نظرانداز کریں
Instagram کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Instagram کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Instagram ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

Instagram پوسٹ کا اختتام

انھوں نے لکھا کہ ’میں آپ کو بچپن سے جانتا ہوں، اور آپ کو بڑے ہوتے ہوئے بھی دیکھا ہے۔ جو کچھ محسوس کر رہے ہو اسے اپنا لو، اور میں تمھیں یقین دلاتا ہوں کہ وقت کے ساتھ تمھیں ان باتوں کی سمجھ آ جائے گی۔‘

تاہم اس حوصلہ افزا پیغام کے جواب میں 52 ہزار افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا جن میں مشہور بالی وڈ اداکار بھی تھے جن میں سے اکثر نے آرین کی حمایت کی۔ تاہم کچھ صارفین کی جانب سے ’دہرے معیار‘ کے بارے میں سوال بھی اٹھائے گئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’اگر یہی حرکت کوئی اور کرتا ہے تو سب لوگ گالی دیں گے، اور بالی وڈ والا ہو تو ہر کوئی ساتھ دے گا۔‘

ایک اور صارف جولاجا ڈھولکیا نے لکھا کہ ’یہ اس بات کو تبدیل نہیں کرتا کہ میں آپ کا مداح ہوں لیکن کیا کسی ایسے بندے کی حمایت کرنے ٹھیک ہے جس نے غیر قانونی کام کیا ہے؟ اس بات میں میں آپ کی حمایت نہیں کروں گا۔‘

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter/Hipsterrrific

ایک صارف ٹیا بھاٹیا نے ہریتک روشن کی توجہ ایک اور جانب مرکوز کروائی۔ انھوں نے کہا کہ ’ہاں ہر کوئی غلطیاں کرتا ہے، لیکن وہ ان غلطیوں کے بعد کیا کرتے ہیں یہ اصل بات ہے۔ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ انڈیا میں کسان بھی احتجاج کر رہے ہیں اور ان میں سے کچھ کسانوں پر ایک گاڑی جان بوجھ کر چڑھا دی گئی اور کئی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ انڈیا کے سب لوگ ہر کسی کے ہیں۔‘

تاہم اداکارہ کنگنا رناوت نے اس پر خاصا سخت ردِ عمل دیا۔

انھوں نے کہا کہ ’اب تمام مافیا پپو آریان خان کے دفاع میں سامنے آ رہے ہیں۔ ہم غلطیاں کرتے ہیں لیکن ہمیں انھیں بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ اس سے انھیں سوچنے کا ایک نیا انداز حاصل ہو گا۔‘

’مجھے یقین ہے کہ اس سے اس کی شخصیت میں بہتری آئے گی۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ کسی بھی ایسے شخص کے خلاف باتیں کرنا غلط ہے جو کمزور پوزیشن میں ہو، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ کسی کو یہ محسوس کروانا کہ انھوں نے کچھ غلط نہیں کیا، مجرمانہ فعل ہے۔‘

اسی طرح کچھ صارفین کی جانب سے آرین کے حق میں بھی ٹویٹ کیے گئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’جو آرین پر گزر رہی ہے وہ بہت بڑی اذیت لگ رہی ہے، جیسے ہمارے کسی اپنے کے ساتھ یہ ہو رہا ہو۔ میری مکمل حمایت ان کے ساتھ ہے۔ مجھے یقین ہے شاہ رخ خان کے مداح میری بات سے اتفاق کریں گے۔‘

علامتی تصویر

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

ریو پارٹی کیا ہوتی ہے؟

آرین خان کے حوالے سے کہا گیا کہ انھیں ایک ریو پارٹی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ریو پارٹیز کو انڈیا میں عموماً خفیہ طور پر منظم کیا جاتا ہے۔ ایسی پارٹیز میں منشیات، شراب، موسیقی، رقص اور بعض اوقات سیکس جیسے عوامل بھی شامل ہوتے ہیں۔

این سی بی کے ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہیں کرنے کی شرط پر بتایا کہ 'ریو پارٹیوں کا اہتمام صرف پارٹی سرکٹ سے تعلق رکھنے والے چند لوگوں کے لیے کیا جاتا ہے۔ نئے آنے والوں کو ان پارٹیوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوتی ہے اور اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ پارٹی کے بارے میں معلومات عام لوگوں میں نہ پھیل جائے۔'

انھوں نے کہا کہ انڈیا میں ریو پارٹیاں منشیات استعمال کرنے اور اسے فروخت کرنے والوں کے لیے محفوظ مقامات ہیں۔

ایک اور عہدیدار کے مطابق عموماً ریو پارٹیوں میں بڑی مقدار میں منشیات کا استعمال ہوتا ہے۔

این سی بی نے کروز پر منعقدہ ریو پارٹی سے 13 گرام کوکین، پانچ گرام میفیڈرون اور ایکسٹسی کی 22 گولیاں ضبط کیں تھیں۔

عہدیدار نے کہا کہ 'ریو پارٹیوں میں ایکسٹسی، کیٹامائن، ایم ڈی ایم اے، ایم ڈی اور چرس جیسی منشیات بھی استعمال کی جاتی ہیں۔'

پارٹی کے دوران بلند آواز میں الیکٹرک ٹرانس میوزک چلایا جاتا ہے تاکہ منشیات استعمال کرنے والے زیادہ دیر تک اسی موڈ میں رہیں۔ لوگ منشیات لیتے ہیں اور اس تیز موسیقی پر جھومتے ہیں۔

عہدیدار کے مطابق ریو پارٹیاں 24 گھنٹوں سے لے کر تین، تین دنوں تک جاری رہتی ہیں۔