سوشانت سنگھ کی خودکشی: دپیکا پاڈوکون سمیت متعدد ستارے تحقیقات کے لیے انسدادِ منشیات بیورو طلب

انڈیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

چند ماہ قبل خود کشی کرنے والے بالی وڈ کے اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سے انڈین حکام اس واقعے میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں جمعرات کو بالی وڈ ستاروں راکول پریت، شروتی مودی اور فیشن ڈیزائنر سیمیون کھمبٹا کو انسدادِ منشیات بیورو (این سی بی) کے سامنے طلب کیا گیا ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق این سی بی کے سینیئر عہدیداروں نے بتایا کہ ان کے علاوہ اداکارہ دپیکا پاڈوکون کو بھی پوچھ گچھ کے لیے 25 ستمبر کو بیورو کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔

اسی طرح اداکارہ سارہ علی خان اور شردھا کپور کو 26 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اس سے قبل دپیکا پاڈوکون کی مینیجر کرشمہ پرکاش کو بھی تحقیقات کے لیے بلایا گیا تھا لیکن خرابی صحت کی بنا پر انھوں نے بیورو سے مزید وقت مانگا ہے۔

این سی بی کے مطابق کرشمہ پرکاش کے واٹس ایپ چیٹ میں منشیات کے حوالے سے کچھ بات چیت پائی گئی ہے۔

ابھی تک منشیات خریدنے اور استعمال کرنے کے معاملے میں بالی وڈ کے کئی ستاروں کے نام سامنے آ چکے ہیں۔

منگل کو اداکارہ دیا مرزا نے اپنے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں ان تمام الزامات کی تردید کی کہ ان کا نام منشیات کے استعمال کی تفتیش میں شامل ہوا ہے۔

Instagram پوسٹ نظرانداز کریں
Instagram کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Instagram کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Instagram ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

Instagram پوسٹ کا اختتام

دیا مرزا نے مزید کہا کہ وہ ایک نہایت اچھی شہرت کی حامل انڈین شہری ہیں اور وہ ان خبروں کے حوالے سے تمام قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتی ہیں جو اُن کے خلاف ایسی خبریں چلا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دیا مرزا نے اس الزام سے انکار کیا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی منشیات کا استعمال کیا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے اس معاملے میں قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

اس سے قبل نو ستمبر کوانڈیا میں انسدادِ منشیات کے محکمے نے بولی وڈ اداکار ریا چکرورتی کو ان کے بوائے فرینڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے منسلک منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔

بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تفتیش سے شروع ہونے والا معاملہ اب بالی وڈ میں منشیات کے بکثرت استعمال سے متعلقہ سوالات سے گِھر چکا ہے۔

منشیات کے استعمال کی تفتیش کے معاملے میں پہلے سشانت کی دوست ریا چکروتی کے بھائی شووک چکروتی کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا تھا۔

ریا چکرورتی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

گذشتہ اتوار کو انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اسی کیس میں چھ دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا تھا۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے بالی وڈ میں کام کرنے والے ’99 فیصد افراد‘ پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا تھا اور دوسری طرف ممبئی پولسی منشیات کے استعمال کے حوالے سے کنگنا سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔

اس معاملے میں بالی وڈ کے دیگر مشہور ستاروں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ متعدد فلمی ستاروں نے رابطہ کرنے پر اس بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا۔

تاہم اس واقعے کو ملنے والی کوریج پر کئی لوگ کافی ناخوش بھی نظر آتے ہیں۔ پرتھ نامی انڈین صارف نے لکھا کہ 25 ستمبر کو دپیکا کو انسدادِ منشیات بیورو میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ 25 ستمبر کو ہی پورے انڈیا کے کسان مظاہرے کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان دونوں واقعات کو ٹی وی پر ملنے والی کوریج کا مقابلہ کیا جائے۔

اسی طرح چند صارفین یہ مطالبہ بھی کر رہے ہیں کہ وہ تمام فلمی ستارے جن کے نام منشیات استعمال میں سامنے آ رہے ہیں انھیں کسی برانڈ کے اشتہار میں شامل کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔