سارہ علی خان: '96 کلو وزن کے ساتھ ہیروئن کیسے بن سکتی تھی'

سارہ علی خان اور سشانت راجپوت

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسارہ علی خان اور سشانت راجپوت کی فلم آئندہ ہفتے ریلیز ہو رہی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان کی فلم 'کیدار ناتھ' سات دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں ان کے ساتھ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ہیں۔

سارہ کی یہ پہلی فلم ہے اور وہ اس فلم کے لیے بہت پر جوش ہیں۔ سارہ نے بی بی سی ایشیا نیٹ ورک کے ساتھ بات چیت میں بتایا کہ وہ ہمیشہ سے ہی فلموں میں کام کرنا چاہتی تھیں لیکن انکا وزن 96 کلو تھا اور اس وزن کے ساتھ وہ ہیروئن کیسے بن سکتی تھیں۔

لگتا ہے سارہ نے ایوش مان کھرانہ کی فلم 'دم لگا کے ہئیشا' نہیں دیکھی جس کی ہیروئن نوے کلو کی تھی اور فلم کامیاب بھی رہی۔ لیکن وہ سکرپٹ کی ضرورت تھی ورنہ بالی وڈ کی فلموں میں تو ہیروئن کو نازک اور خوبصورت لگنا سب سے زیادہ ضروری سمجھا جاتا ہے۔ اب ہیرو چاہے پچاس کے پیٹے میں ہی کیوں نہ ہو!

یہ بھی پڑھیے

سارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے پاپا سیف علی خان کی بیگم کرینہ کپور کی ہمیشہ سے ہی فین رہی ہیں اور فلم 'کبھی خوشی کبھی غم' کے 'پو' کے کردار کو وہ بچپن سے نقل کرتی آئی ہیں لیکن انھیں نہیں معلوم تھا کہ ایک دن وہ ان کی پاپا کی بیگم بن جائیں گی۔

عامر خان اور قطرینہ کیف

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

،تصویر کا کیپشنعامر خان اور قطرینہ کیف اپنی فلم ٹھگز آف ہندوستان کے پروموشن کے دوران اس انداز میں نظر آئے

عامر خان کی فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' بیچاری ڈیڑھ سو کروڑ کما کر بھی فلاپ قرار دی گئی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ عامر خان کے نام پر انھیں ٹھگا گیا ہے۔ ایسے میں عامر خان کہاں خاموش بیٹھنے والے تھے انھوں نے ایک پریس کانفرنس بلائی اور اس فلم کی ناکامی کے لیے عوام سے معافی مانگی۔

یہ بھی پڑھیے

عامر کا کہنا تھا کہ فلم کی ناکامی کے لیے وہ خود کو ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ لوگو ں کو فلم سے جو توقعات تھیں وہ ہم پوری نہیں کر سکے۔ اس سے پہلے خبریں آئی تھیں کہ عامر نے اس فلم کے منافع سے اپنا حصہ لینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

ملائکہ اروڑہ

،تصویر کا ذریعہ@malaikaaroraofficial

ملائکہ اروڑہ جو ارباز خان سے طلاق لینے کے بعد اب خان نہیں رہیں آج کل انسٹا گرام پر کافی سرگرم ہیں اور اپنی ویڈیو اور تصاویر لگا کر کچھ اس طرح چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کرتی ہیں کہ لوگوں میں انکے بارے میں تجسس برقرا رہے۔

ویسے بھی جب سے ان کا نام ارجن کپور کے ساتھ جوڑا جانے لگا ہے۔ انکے ہر قدم پر میڈیاکی نظر رہتی ہے اور اس پر وہ سوشل میڈیا پر پھلجھڑیاں چھوڑتی رہتی ہیں۔

مثال کے طور پر اس ہفتے انھوں نے انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انھوں نے 'اے ایم' لفظ کا پینڈنٹ پہنا ہوا ہے۔ پھر کیا تھا لوگو ں نے انکے اور ارجن کے نام پر افسانے بنانے شروع کر دیے۔

جب دن بھر لوگ کمنٹس کر کے تھک چکے تو ملائکہ نے ایک اور تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ پینڈنٹ میں 'ایم اے' کا مطلب ملائکہ اروڑہ ہے نہ کہ کچھ اور۔

ویسے ارجن کپور بھی ٹی وی شو 'کافی وود کرن' میں اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ اب وہ سنگل نہیں اور جلدی ہی اپنی گرل فرینڈ کو'گھر والوں کے سامنے پیش کریں گے۔