عتیق الرحمان میرا کے حقیقی شوہر ہیں، عدالت کا نو برس بعد فیصلہ

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک مقامی عدالت نے تکذیب نکاح کیس میں اداکارہ میرا کی درخواست خارج کر دی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں اس درخواست میں بنائے گئے فریق عتیق الرحمان کو میرا کا شوہر قرار دیا ہے۔
میرا کا اصل نام ارتضی رباب ہے۔ اُنھوں نے آٹھ فروری سنہ 2010 کو ایک مقامی عدالت میں تکذیب نکاح کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
یہ مقدمہ آٹھ سال سے زیادہ عرصے تک لاہور کی ایک فیملی کورٹ میں زیر سماعت رہا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عدالت کے جج بابر ندیم نے تکذیب نکاح کے دعوے سے متعلق درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کے دعوے کو مسترد کر دیا۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالت نے اپنے حکم میں فیصل آباد کے رہائشی عتیق الرحمان کو ارتضی رباب عرف میرا کا حقیقی شوہر قرار دیا۔
عدالت نے اداکارہ میرا کی جانب سے تکذیب نکاح کی درخواست پر فیصلہ نکاح خواں احمد علی ساجد کے بیان پر دیا۔
واضح رہے کہ نکاح خواں احمد علی ساجد نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ عتیق الرحمان کی جانب سے عدالت میں جمع کروایا جانے والا نکاح نامہ اصلی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نکاح خواں نے بیان میں مزید کہا کہ انھوں نے جن افراد کی موجودگی میں نکاح پڑھوایا تھا ان کے دستخط نکاح نامے پر موجود ہیں۔
اداکارہ میرا نے تکذیب نکاح کے دعوے میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ عتیق الرحمان نامی شخص ایک جعلی نکاح نامہ لیے پھرتا ہے لہذا اسے نہ صرف ایسا کرنے سے روکا جائے بلکہ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
عتیق الرحمان نے بھی اداکارہ میرا کا خاوند ہونے سے متعلق مقامی عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا جو کافی عرصے سے لاہور کی مختلف مقامی عدالتوں میں زیر سماعت رہا۔
خیال رہے کہ عتیق الرحمان نے متعدد بار میڈیا پر آ کر دعویٰ کیا تھا کہ میرا ان کی بیوی ہے جبکہ اداکارہ ہمیشہ اس دعوے کو جھٹلاتی رہی ہیں۔
مقامی عدالت نے اپنے فیصلے میں اس بات کا بھی ذکر کیا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان تنازع ایک مکان سے شروع ہوا تھا۔
عتیق الرحمان نے اداکارہ کے خلاف نکاح پر نکاح کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ میرا نے ان کے نکاح میں ہونے کے باوجود کیپٹن نوید کے ساتھ شادی کی تھی۔ یہ درخواست ابھی تک مقامی عدالت میں زیر سماعت ہے۔








