گھر کا تنازعہ اور میرا کی ’شادی‘

میرا
،تصویر کا کیپشنآج کے جدید دور میں ایسے دستاویزات تیار کرنا معمولی بات ہے: میرا
    • مصنف, عبادالحق
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

گھر کی ملکیت کا جھگڑا پاکستانی فلم سٹار میرا کی فیصل آباد کے بزنس مین کے ساتھ مبینہ شادی کو بھی منظر عام پر لے آیا ہے اور دونوں فریقین اس معاملے کو لے کر پولیس کے پاس پہنچ گئے ہیں۔

میرا اور ان کے مبینہ شوہر کے بارے میں انکشاف اس وقت ہوا جب فلم سٹار میرا نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں عتیق الرحمان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مسلح افراد کے ساتھ ان کے گھر پر حملہ کیا اور اگر وہ (میرا) گھر پر ہوتیں تو ان کو قتل کردیا جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عتیق الرحمان کے ساتھ ان کا کاروباری تنازعہ ہے اور وہ ایک سال سے انہیں بلیک میل کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ان کی جائیداد پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے۔

لیکن اس پریس کانفرنس میں عائد الزامات کے جواب میں فیصل آباد کے ایک بڑے بزنس مین عتیق الرحمان نے دعویْ کیا کہ میرا ان کی بیوی ہیں جن سے ان کی دو ستمبر سنہ دو ہزار سات میں شادی ہوئی تھی۔ عتیق الرحمان نے اپنے مؤقف کے حق میں نکاح نامے کے علاوہ اداکارہ میرا کے ساتھ اپنی تصاویر بھی میڈیا کو پیش کیں۔

تاہم میرا نے عتیق الرحمان کے دعوے کی تردید کی اور کہا کہ آج کے جدید دور میں ایسے دستاویزات تیار کرنا معمولی بات ہے۔

میرا کے ماموں پرویز شاہ نے ایک نجی ٹی وی چینل پر اس بات کی تصدیق کی کہ میرا کی عتیق الرحمان کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔ تاہم میرا کا مؤقف ہے کہ ان کے رشتہ دار بھی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش میں سازش کا حصہ بنے ہیں۔

عتیق الرحمان کے بقول انہوں نے میرا کو ایک قیمتی گھر خرید کر دیا جس میں پروڈکشن ہاؤس بھی بنایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کاروبار کے سلسلے میں بیرون ملک رہتے تھے اور جب وہ پاکستان آئے تو ان کو معلوم ہوا کہ ان کے گھر کا قیمتی سامان دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے جس پر ان کی تلخ کلامی بھی ہوئی اور ان کو قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ عتیق الرحمان کا کہنا ہے کہ ان کو کاروبار میں نقصان ہوا ہے اور مزید مطالبات پورے نہیں کرسکتے ہیں اس لیے وہ میرا کے ساتھ معاملات طے کرنا چاہتے ہیں۔

پولیس نے ملک کی معروف فلم سٹار میرا اور ان کے شوہر ہونے کے دعویدار بزنس مین کی طرف سے ایک گھر کی ملکیت کے دعوؤں کے بارے میں چھان بین شروع کردی ہے۔ سوموار کو پولیس کے سامنے میرا کی والدہ اور میرا کے شوہر ہونے کے دعویدار عتیق الرحمان نے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا۔

میرا کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کی شادی نہیں ہوئی اور عتیق الرحمان نامی شخص نے ان کے گھر پر حملہ کیا تاکہ گھر پر قبضہ کیا جاسکے اس لیے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

دوسری طرف عتیق الرحمان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے کوئی حملہ نہیں کیا بلکہ وہ گھر ان کی ملکیت ہے جو انہوں نے اپنی بیوی یعنی میرا کی رہائش کے لیے خریدا تھا۔ ان کے بقول عدالتی حکم کے باوجود ان کے گھر سے ان کا قیمتی سامان کو دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے جو قانونی طور جرم ہے۔