عاصمہ جہانگیر میرا کی نئی وکیل

میرا
،تصویر کا کیپشندونوں فریقین میں بالواسطہ بات چیت جاری ہے: سنگیتا
    • مصنف, علی سلمان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، لاہور

پاکستان کی معروف اداکارہ میرا کی مبینہ شادی کے حوالے سے مقدمے کی پیروی پاکستان ہیومن رائٹس کمیشن کی چیئر پرسن عاصمہ جہانگیر کریں گی۔

اس بات کی تصدیق عاصمہ جہانگیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقدمہ کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے اس مقدمے کی پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو لاہور میں مقامی عدالت نے میرا کو عدالت کا وقت ضائع کرنے پر تین ہزارروپے جرمانے کی سزا دی ہے۔ یہ سزا اس لیے سنائی گئی کہ اداکارہ میرا کی جانب سے عدالت میں پہلے تکذیب نکاح کا دعویٰ دائر کیا گیا اور پھر وہ واپس لے لیا گیا۔

اس درخواست میں اداکارہ میرا کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ عدالت عتیق الرحمان کو انہیں اپنی بیوی کہہ کر پکارنے سے منع کرے کیونکہ وہ ان کی منکوحہ نہیں ہیں۔تاہم اداکارہ میرا کے وکیل منظر غنی چودھری کا کہنا ہے کہ ان کی موکلہ اداکارہ میرا نے فیملی کورٹ میں ایسا کوئی دعویٰ دائر ہی نہیں کیا تھا تو واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ یہ انکے خلاف کوئی سازش بھی ہوسکتی ہے۔

فیصل آباد کے ایک صنعتکار عتیق الرحمان اداکارہ میرا کے شوہر ہونے کے دعویدار ہیں اور ان کا یہ کہنا ہے کہ انہوں نے لاہور کے ایک مہنگے علاقے میں میرا کو ایک کوٹھی بھی خرید کر دی تھی۔وہ اب یہ کوٹھی واپس لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اداکارہ میرا اور ان کے پورے خاندان کے خلاف تھانہ ڈیفنس میں فوجداری مقدمہ بھی درج کروا رکھا ہے۔اس مقدمے میں اداکارہ میرا عبوری ضمانت پر ہیں جمعرات کو مقامی سیشن عدالت میں اس دوسرے مقدمے کی سماعت بھی ہوئی۔

عتیق الرحمان کے وکیل اور پولیس نے مزید مہلت طلب کی اداکارہ میرا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جان بوجھ کر عدالت کا وقت ضائع کیا جارہا ہے وہ بحث کے لیے تیار ہوکر آئے ہیں اس لیے بحث کی جائے۔ عدالت نے سماعت چھبیس ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے عتیق الرحمان کے وکیل اور تفتیشی پولیس افسر کو کہا کہ یہ انہیں آخری مہلت دی جاری ہے۔

ادھر پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق فریقین میں صلح کی کوشش کی جارہی ہے اور اداکارہ اور ہدائتکارہ سنگیتا اس سلسلے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ بعض اخبارات اور ٹی وی چینل کے مطابق دونوں فریقین میں معاملات طے پا چکے ہیں۔ سنگیتا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں فریقین میں بالواسطہ بات چیت جاری ہے۔ اداکارہ میرا نے کسی قسم کی صلح کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ان کا کیس عدالت میں ہے اور وہ وہیں سے انصاف حاصل کریں گی۔