سیکس ویڈیو سکینڈل سے صدمہ پہنچا ہے: اداکارہ میرا

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ حالیہ سیکس ویڈیو سکینڈل سے انہیں صدمہ پہنچا ہے۔
کراچی میں اپنی فلم ’ہوٹل‘ کی میڈیا بریفنگ کے دوران انٹرنیٹ پرگزشتہ چند ہفتوں میں منظر عام پر آنے والے ویڈیو کلپوں پر انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ اس کا ان سے کوئی تعلق نہیں اور وہ فضول چیزوں پر بات نہیں کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک آرٹسٹ، لڑکی اور پاکستانی ہیں، پاکستان میں رہنا اور کام کرنا چاہتی ہیں، حالانکہ ان کے پاس کینیڈا کی شہریت اور امریکہ کا دس سالہ ویزہ موجود ہے۔
میرا کا کہنا تھا کہ وہ قانونی مشاورت کر رہی ہیں اور ان کے وکیل قانونی نوٹس بھیج دیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ نوٹس کس کو بھیجا جائے گا۔
ان کے ایک اور نکاح کے بارے میں سوال پر اداکارہ نے خاموشی اختیار کی۔
میرا نے میڈیا کو لاہور میں اپنے خیراتی ہپستال کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ یہ’ کارڈیو اینڈ مدر کیئر ہپستال‘ ہوگا جس میں دس روپے کی پرچی پر غریب لوگوں کا علاج کیا جائے گا۔ ہپستال میں امریکی ڈاکٹروں کی ٹیم اور ٹیکنالوجی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فلاحی منصوبے کے لیے گورنر پنجاب نے انہیں زمین دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے میڈیا میں کئی برسوں سے سکینڈل کا سامنا کرنے والی اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور یہاں کے لوگوں سے محبت کرتی ہیں اسی لیے یہیں ہپستال بنانا چاہتی ہیں ورنہ یہ ہسپتال وہ بھارت یا کینیڈا میں بھی بنا سکتی تھیں۔
فلم ’ہوٹل‘ کے بارے میں میرا کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ کسی ایسی فلم میں کام کریں جس کی کہانی تھوڑی مختلف ہو اور یہ موقع انہیں اس فلم میں ملا جو اب تکمیل کے مراحل میں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہوٹل فلم کے ڈائریکٹر خالد حسن خان کا دعویٰ تھا کہ یہ پاکستان کی پہلی سائکو تھرلر فلم ہے، جو دہلی کی ایک کہانی پر مشتمل ہے۔ انہوں نے تمام مقامات اور دیگر لوازمات کا بندوبست پاکستان میں ہی کیا لیکن اب اسے دہلی سے لانچ کرنا چاہتے ہیں۔
خالد حسن کا کہنا تھا کہ اس فلم میں میرا ’ کاشیکا‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو دہلی سے پونا جاتی ہیں اور رات کو ایک ہوٹل میں رہتی ہیں جہاں ان کی ملاقات ان کی ایک ایسی بہن سے ہوتی ہے جو کبھی پیدا ہی نہیں ہوئی۔







