میرا نے انتخابی مہم شروع کر دی

پاکستان کی فلمی اداکارہ میرا نے بھارت سے وطن واپس پہنچ کر اپنی والدہ کی انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔
خیال رہے کہ میرا کی والدہ شفقت زہرہ بخاری جسٹس پارٹی کی جانب سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
جمعرات کو لاہور میں ہونے والی ایک تقریب میں میرا نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کے ہمراہ اپنے آبائی علاقے جا رہی ہیں تاکہ وہ انتخابی مہم میں حصہ لیں سکیں۔
اداکارہ میرا کی والدہ شفقت زہرہ بخاری صوبہ پنجاب کے علاقے ہارون آباد سے پنجاب اسمبلی کے حقلہ 281 سے امیدوار ہیں۔
اس سے پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ میرا خود بھی عام انتخابات میں حصہ لیں گی تاہم جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں ہونے والی تقریب میں میرا نے کہا کہ وہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں البتہ وہ اپنی والدہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گی۔
میرا کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کوان کی حمایت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ ایک مضبوط خاتون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ماں یہ ثابت کر دیں گی کہ وہ ہارون آباد کے لوگوں کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔
فلمی اداکارہ کے بقول ان کی والدہ ایک بہترین ماں اور دوست ہیں اور انہوں نے ہر شعبہ میں اپنی صلاحتوں کو منوانا ہے اور وہ اپنی والدہ کی سوچ اور خیالات کی حمایت کرتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم سٹار میرا نے عوام سے اپنی والدہ کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔
پاکستان کی پشتو فلموں کی معروف اداکارہ مسرت شاہین بھی عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
ماضی میں معروف اداکار قوی خان بھی غیر جماعتی انتخابات میں لاہور سے حصہ لے چکے ہیں تاہم وہ کامیاب نہیں ہوئے تھے۔
ٹی وی کے مقبول میزبان طارق عزیز بھی لاہور سے رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں۔







