بالی وڈ راؤنڈ اپ: پاک دامن ہونے کا مطلب ہے کیا؟

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
فلم 'پدماوت' ریلیز سے پہلے جتنے ہنگاموں سے گزری لوگوں کا خیال تھا کہ ریلیز کے بعد یہ طوفان تھم جائے گا لیکن اداکارہ سوارا بھاسکر نے کئی چبھتے سوال کر دیے۔
سنجے لیلا بھنسالی تو اداکارہ سوارا بھاسکر کے چبھتے سوالوں کا کڑوا گھونٹ پی گئے اور خاموشی اختیار کر لی یا پھر انھیں کوئی جواب نہیں سوجھ رہا لیکن سوشل میڈیا کے ٹھیکیداروں نے سوارا کو بری طرح ٹرول کرنا شروع کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے
فلم میں سنجے لیلا بھنسالی نے جس طرح آگ میں کود کر ستی ہونے کی رسم کو پرکشش بنا کر پیش کیا اس پر کسی بھی ذی ہوش انسان کا سوال اٹھانا حیران کن امر نہیں اور سوارا کا یہ کہنا کہ کیا ایک عورت کا وجود صرف اس کے جسم کے مخصوص حصوں کا محتاج ہے اور کیا کسی عورت کو بیوہ یا ریپ کا شکار ہونے کے بعد جینے کا حق نہیں ہے، کیا اس کا وجود کسی مرد کی خواہش اور تحفظ کا محتاج ہے، اپنے آپ میں اہم سوال ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یہاں سوال یہ بھی ہے کہ پاکیزہ دامن ہونا صرف عورتوں کے لیے کیوں ضروری ہے یا پھر یہ کہ پاک دامن ہونے کا مطلب کیا ہے اور یہ صرف خواتین کے ساتھ ہی کیوں وابستہ ہے؟
سوارا کے خلاف کافی کچھ کہا جا رہا ہے لیکن کچھ لوگوں نے اسے اظہارِ رائے کی آزادی کہتے ہوئے ان کا ساتھ بھی دیا ہے۔
آدیتی راؤ حیدری جنھوں نے فلم میں علاءالدین خلجی کی پہلی بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور فلم میں ایک ڈری سہمی معصوم سی شہزادی نے لوگوں کو کچھ اس طرح متاثر کیا کہ دپیکا اور رنویر سنگھ کی موجودگی کے باوجود اس کردار نے اپنی ایک الگ چھاپ چھوڑی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے
آدیتی کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر موضوع پر اپنی رائے دینے کا حق ہے۔ وہ اپنے کردار کے بارے میں مطمئن ہیں کیونکہ انھوں نے اپنے کردار کے ساتھ پورا پورا انصاف کرنے کی کوشش کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چند دنوں سے یہ خبر میڈیا اور سوشل میڈیا پر گرم ہے کہ امیتابھ بچن ٹوئٹر چھوڑنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں کیونکہ ٹوئٹر پر ان کے فالوورز کم ہو گئے ہیں اور شاہ رخ خان نے ان کی جگہ لے لی ہے۔
دراصل امیتابھ بچن نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا 'ٹوئٹر آپ نے میرے فالوورز کی تعداد کم کر دی اب آپ سے جدا ہونے کا وقت آ گیا ہے۔'
یہ بھی پڑھیے
ان کی یہ ٹویٹ ایسے وقت میں آئی جب امریکی ایجنسیوں نے بڑھتے ہوئے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی شروع کی جس کے بعد جعلی اکاؤنٹس بند ہونے لگے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا ان کے فالوورز کم ہونے کا تعلق اس تحقیقات سے ہے یا نہیں۔ اس وقت شاہ رخ خان بالی وڈ کے واحد سٹار ہیں جن کے سب سے زیادہ فالوورز ہیں۔
74 سالہ سپر سٹار امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر بہت سرگرم ہیں اوراپنی پروفیشنل اور ذاتی زندگی کے بارے میں لوگو ں کو بتاتے رہتے ہیں۔












