ہر ورکنگ وومن کا شوہر سیف جیسا ہونا چاہیے: کرینہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
اس ہفتے اکشے کمار کی فلم 'جولی ایل ایل بی ٹو' ریلیز ہوئی ہے جو دراصل ارشد وارثی کی کامیاب فلم جولی ایل ایل بی کا سیکوئل ہے۔
ظاہر ہے پہلی فلم کی طرح اس کا سیکوئل بھی لوگوں کو پسند آ رہا ہے یہ بات اور ہے کہ اس بار فلمساز نے ارشد کی جگہ اکشے جیسے ایک بڑے سٹار کے ساتھ فلم کو مزید کامیاب بنانے کا فارمولا اختیار کرنے کی کوشش کی ہے۔
ارشد نے خود اپنے دم پر پچھلی فلم کو کامیاب کرایا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ ارشد وارثی کو انڈسٹری میں اب تک وہ مقام نہیں مل سکا جس کے وہ حقدار ہیں۔
فلم شروع ہونے کے بعد سے ہی اکشے کمار بار بار ارشد کے کردار کی تعریف کرتے رہے اور انھیں فلم کی سکریننگ میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا ارشد کا دل بڑا تھا وہ بھی وہاں پہنچ گئے۔
میڈیا کے پوچھے جانے پر بیچارے ارشد کو بھی کہنا پڑا کہ ان کا رول اکشے نے کیا انھیں اس کا بالکل برا نہیں لگا اور یہ کہ اکشے نے ان سے بہتر اداکاری کی ہے۔
اب اکشے کہاں پیچھے رہنے والے تھے فوراً ٹوئٹ کر ڈالا کہ ایک نیشنل ایوراڈ یافتہ کی جانب سے ان کی تعریف بہت معنی رکھتی ہے۔ جوش میں اکشے شاید اپنا ہوم ورک کرنا بھول گئے ارشد کو دوسرے ایوارڈز تو ملے ہیں لیکن نیشنل ایوارڈ آج تک نہیں مِلا۔ اگر ملا ہوتا تو سیکوئل کے ہیرو ارشد ہی ہوتے اکشے نہیں۔
کرینہ کپور کا مشورہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کرینہ کپور خان نے ہمیشہ بالی وڈ میں ایک نئی مثال قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ چاہے اپنے رشتے کے بارے میں کھل کر بات کرنے کا معاملہ ہو یا پھر پریگنینسی کے دوران بے ججھک کیمرے کا سامنا کرنا ہو۔
کرینہ نے اپنے حمل کے آخری دنوں تک کام کرکے شو بز میں ایک اصلی ورکنگ وومن بن کر دکھایا اور اب اپنے بیٹے تیمور علی خان پٹودی کی پیدائش کے محض 45 دن بعد ہی لیکمے فیشن ویک میں ریمپ پر چل کر سب کو حیران کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کرینہ نے بالی وڈ میں ہیروئنز کے اس امیج کو توڑنے کی کامیاب کوشش کی ہے جس میں شادی یا بچے کی پیدائش کے بعد ہیروئن گلیمرس نہیں رہتیں اور اسے ماں یا بھابی کے کردار آفر ہونے لگتے ہیں۔
کرینہ کا کہنا ہے اس کام میں ان کے شوہر سیف کا بڑا ہاتھ ہے۔ اب جبکہ وہ کام پر جاتی ہیں تو سیف ان کے بیٹے کے ساتھ ہوتے ہیں اور جب سیف کام پر ہوتے ہیں تو کرینہ تیمور کا خیال رکھتی ہیں۔
کرینہ کا کہنا ہے کہ ہر ورکنگ وومن کا شوہر سیف کی طرح ہونا چاہیے۔ کرینہ بہت بھولی ہیں اتنا بھی نہیں جانتیں کہ ہر شوہر کرینہ جیسی بیوی تو چاہے گا لیکن ان کی بیویوں کو سیف ملے اس بات کی کیا گارنٹی ہے۔
گووندا کی 'ری انٹری'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اداکارگووندا بھی ہیرو بننے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ وہ لے کر آ رہے ہیں ’آ گیا ہیرو‘۔ فلم میں وہ ناچیں گے بھی رومانس بھی کریں گے اور کئی ہٹے کٹے غنڈوں کی پٹائی بھی کریں گے۔
اب یہ فلم کوئی دیکھے گا یا نہیں وہ بعد کی بات ہے لیکن فلم کی پروموشن گووندا دھوم دھام سے کر رہے ہیں۔ اس دوران کسی نے ان سے پوچھ لیا کہ اداکار ورون دھون اور ان میں خاصی مماثلت ہے۔ پھر کیا تھا گووندا جی کو غصہ آ گیا۔
اب چونکہ ورون دھون فلمساز ڈیوڈ دھون کے بیٹے ہیں جن سے گووندا کا 36 کا آنکڑا ہے۔ حالانکہ گووندا ایک زمانے میں ڈیوڈ دھون کے بہت قریب تھے اور دونوں نے کئی ہٹ فلمیں دی ہیں اور دونوں انڈسٹری کی جوڑی نمبر ون کہے جاتے تھے۔
گووندا نے کہا کہ 'رنویر سنگھ اور ورون دھون کی باڈی سلمان خان سے ملتی ہے تو کیا وہ سلمان خان بن جائیں گے۔'
گووندا نے یہاں تک کہہ دیا کہ ورون دھون کو گووندا بننے کے لیے معصوم اور دیہاتی ہونا پڑے گا جبکہ وہ تو ایک فلسماز کے بیٹے ہیں۔ گووندا نے کہا کہ ورون نے پچھلے چھ سال میں اپنے والد کے ساتھ دو سے زیادہ فلمیں نہیں کیں جبکہ وہ ڈیوڈ کے ساتھ 17 فلمیں کر چکے ہیں۔
گووندا کی ناراضگی سمجھ میں آتی ہے کیونکہ وہ ڈیوڈ کے ساتھ 18ویں فلم 'چشم بدور' بھی کرنا چاہتے تھے جو ڈیوڈ دھون نے رشی کپور کو دے دی تھی اور گووندا یہ بات آج تک نہیں بھول پائے۔








