سیف اور کرینہ کے گھر 'ننھے تیمور' کی آمد

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام تیمور علی خان رکھا گيا ہے۔
بچے کی پیدائش ممبئی کے برج کینڈی ہسپتال میں منگل کی صبح ہوئي ہے اور ہسپتال کے عملے نے بتایا ہے کہ زچہ اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔
انڈیا کی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سیف علی خان اور کرینہ کپور نے ایک مشترکہ بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ بچے کے نام کے بارے میں انھوں نے کوئی وضاحت نہیں کی لیکن اس نام سے عہد وسطی کے عظیم فاتح تیمور کے نام کی جانب ذہن فوراً جاتا ہے۔ ویسے تیمور کے معنی فولاد بھی ہوتے ہیں اور یہ ترکی زبان کا لفظ ہے۔
انھوں نے اپنے مشترکہ بیان میں لکھا: 'ہم اپنے بچے تیمور علی خان کی 20 دسمبر سنہ 2016 کو پیدائش کی خبر آّپ سے شیئر کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔'
انھوں نے میڈیا اور اپنے مداح کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا: 'ہم میڈیا کا شکر ادا کرنا چاہتے ہیں کہ انھوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا اور نو ماہ کے دوران سمجھداری کا مظاہرہ کیا۔ ہم اپنے مداح کے خاص طور سے شکرگزار ہیں جنھوں نے ہمارے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی محبتیں ہمارے ساتھ ہیں۔'
اس سے قبل کرینہ کپور کے حاملہ ہونے کے وقت سیف علی خان نے کہا تھا: 'میرے خیال سے کرینہ اور ہمارے رشتے میں بچے کی آمد ایک خوش آئند چیز ہے۔ بچے کے تولد کے ساتھ ہماری شادی اور رفاقت کی تکمیل ہوتی ہے۔'

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
خیال رہے کہ 36 سالہ اداکارہ کا یہ پہلا بچہ ہے جبکہ سیف علی خان کو پہلی اہلیہ کے ساتھ دو بچے پہلے سے ہیں۔
انڈین ایکسپریس نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کرینہ کپور کے والد اور اداکار رندھیر کپور نے خوشی کا اظہار کیا اور بتایا: 'ہم لوگ بہت خوش ہیں۔ بچہ ٹھیک ہے اور کرینہ بھی۔ ہم تمام لوگ بہت خوش ہیں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ سیف اور کرینہ اپنے بچے کا نام سفینہ رکھیں گے لیکن کرینہ کپور نے ایک انٹرویو میں اس کی تردید کی تھی۔
سیف علی خان کی والدہ معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور ہیں اور والد انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی ہیں جو کہ پٹودی کے نواب تھے۔ جبکہ کرینہ کپور معروف راج کپور خاندان کا حصہ ہیں اور ان دونوں کی شادی بالی وڈ کی چند معروف ترین شادیوں میں شمار ہوتی ہے۔









