پاکستان میں شاہ رخ اور ماہرہ کی فلم ’رئیس‘ نہیں دکھائی جائے گی

،تصویر کا ذریعہSpice PR
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سینسر بورڈ نے ملک میں شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی بالی وڈ فلم ’رئیس‘ کو نمائش کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
پاکستان میں فلم کے تقسیم کار ایورریڈی پکچرز نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ مرکزی سینسر بورڈ نے فلم کو سینسر سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
سینسر بورڈ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا فلم کو سرٹیفیکیٹ جاری نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ فلم میں اسلام اور خصوصاً مسلمانوں کے ایک فرقے کو بدنام کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم میں مسلمانوں کو جرائم پیشہ اور دہشت گرد بنا کر پیش کیا گیا ہے۔
اہلکار کے مطابق فلم جمعے کو سینسر بورڈ کے سامنے پیش کی گئی تھی اور طویل غوروخوص کے بعد پیر کو اسے نمائش کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ عموماً فلم پر اس قسم کے اعتراضات آنے کے بعد اسے فل بورڈ کے سامنے پیش کیا جاتا ہے تاہم رئیس کے معاملے میں ایسا نہیں ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ پاکستان میں حال ہی میں انڈین فلموں کی نمائش کا سلسلہ حال ہی میں دوبارہ شروع ہوا ہے اور پابندی ہٹنے کے بعد اس وقت دو انڈین فلمیں 'قابل' اور 'اے دل ہے مشکل' پاکستانی سنیماؤں میں دکھائی جا رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSpice PR
یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں واقع اُڑی کیمپ پر ہونے والے حملے کے دو ہفتے بعد انڈین موشن پکچرز ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں کے انڈیا میں کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد منظور کی تھی جس کے جواب میں پاکستان میں سینیما مالکان نے اپنے طور پر انڈین فلموں کی نمائش روک دی تھی۔
یہ خود ساختہ پابندی دسمبر میں اٹھا لی گئی مگر اس کے باوجود انڈین فلمیں فروری میں ہی پاکستانی سینیما کی زینت بن سکیں۔
گذشتہ سال اگست میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں کہا تھا کہ درآمد کی پالیسی کے 19ویں پیرا کے مطابق استثنٰی کا اختیار وزیرِ تجارت سے لے کر وفاقی حکومت کو دے دیا گیا تھا۔
اس سے پہلے انڈین فلموں کو وزارتِ تجارت، وزارتِ اطلاعات و نشریات کی سفارش پر استثنٰی کا سرٹیفیکیٹ یا این او سی جاری کیا کرتی تھی۔ ترمیم کے بعد اب وزیرِاعظم ہی انڈین فلموں کی درآمد کی اجازت دے سکتے ہیں۔










