’میں نے ایک گیت میں آپ کو اٹھایا تو تھا‘

،تصویر کا ذریعہSpic PR
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ان کی پہلی بالی وڈ فلم 'رئیس' پاکستان میں جلد ہی ریلیز ہو گی اور انھیں امید ہے کہ وہ ان کے وطن میں اچھا بزنس کرے گی۔
انھوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس سے قبل انھوں نے اپنی فلم کے پروموشن میں شامل نہ ہونے پر افسوس ظاہر کیا تھا۔
انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے کہا: ’یہ فلم پاکستان میں جلد ہی ریلیز ہو گی اور دنیا بھر کی طرح یہاں بھی لوگ اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ یہ پاکستان میں حیرت انگيز طور پر اچھا بزنس کرے گی۔‘
اس موقعے پر ان کے ساتھ اداکار شاہ رخ خان، نوازالدین صدیقی اور فلم ساز ریتیش سدھوانی بھی موجود تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ماہرہ خان نے یہ بھی کہا کہ انھیں یہ امید تھی کہ شاہ رخ خان ان کے لیے بھی اپنے سگنیچر سٹائل میں بانھیں پھیلائيں گے اور ان کا دوپٹہ بھی ہوا میں لہرائيں گے لیکن ایسا نہ ہو سکا۔
فلم سے متعلق اپنے تجربات کے بارے میں انھوں نے کہا: ’فلم سائن کرنے کے بعد ہم ایک فوٹو شوٹ کر رہے تھے۔ مجھے پتہ چلا کہ شاہ رخ آئے ہیں۔ ہم دوڑتے ہوئے ان کے پاس پہنچے اور سلام کلام ہوا۔ انھوں نے کہا کہ سب ٹھیک ٹھاک رہے گا۔‘

،تصویر کا ذریعہSpice PR
'کچھ دیر بعد میں نے سوچا کہ ہوائيں چلنے لگيں گی، پیڑوں سے پتے جھڑنے لگیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اس کے برعکس میں واحد ہیروئن ہوں جس کے لیے انھوں نے اپنی بانھیں نہیں پھیلائیں۔'
شاہ رخ خان جو وہاں موجود تھے انھوں نے حاضر جوابی سے کام لیتے ہوئے کہا: 'آپ چھوٹی ہیں۔۔۔ میں نے ایک گیت کے دوران آپ کو اٹھایا تو تھا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ماہرہ نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں بہت پرجوش تھیں کیونکہ وہ ان کی مداح ہیں اور ان کی فلمیں دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں۔ 'جب میں ممبئی آئی تو سوچا کم از کم میرا دوپٹہ تو اڑے گا اور شاہ رخ خان دوڑتے ہوئے میری جانب آئيں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔'

شاہ رخ نے ایک بار پھر اس کا اپنے انداز میں جواب دیا: 'اب تم ہر کسی کو میری عمر بتانا چاہتی ہو۔ ہم نے دوپٹے والا ایک منظر گجرات میں تو شوٹ کیا ہے۔۔۔ ہاں فلم زیادہ بجٹ کی نہیں تھی اس لیے ہم سوئٹزرلینڈ نہیں گئے۔'
پاکستان میں اب انڈین فلموں کی نمائش پر عائد عارضی پابندی ہٹائی جا چکی ہے اس لیے یہ فلم وہاں جلد ہی ریلیز ہو گی۔ فلم پاکستان کے علاوہ ہر جگہ 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے ابھی تک 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے۔









