’ہم سفر‘ کی ماہرہ خان ’رئیس‘ کی بیگم

،تصویر کا ذریعہZINDGI
کسی بھی اداکارہ کے لیے شاہ رخ خان جیسے سٹار کے ساتھ کام کرنا اہمیت کا حامل ہے لیکن جب کوئی اداکارہ اپنی پہلی ہی بالی وڈ فلم شاہ رخ خان کے ساتھ کرے تو اس کے لیے جہاں افتخار کا مقام ہے وہیں ایک چیلنج بھی ہے۔
بھارت میں پاکستانی سیریل ’ہم سفر‘ سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بالی وڈ میں قدم رکھنے کو تیار ہیں۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ماہرہ خان بالی وڈ میں شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’رئیس‘ میں ان کے مد مقابل کام کرنے والی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس فلم کی ہدایت ’پرزانیا‘ جیسی فلم کے ہدایت کار راہل ڈھولکیا کر رہے ہیں۔
بھارتی اخبار دا ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آڈیشن کے وقت شاہ رخ خان نے انھیں بذات خود آ کر مبارک باد پیش کی تھی۔
اس سے قبل بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ رومانس کرنے کی اپنی دلی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہZINDAGI
جبکہ اس فلم کے پروڈیوسرز میں فرحان اختر اور ریتیش سدھوانی شامل ہیں اور یہ فلم ایکسل انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بن رہی ہے۔
ریتیش سدھوانی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کی آنے والی فلم کی ہیروئن ماہرہ خان ہیں اور اس ٹویٹ کے ساتھ انھوں نے ماہرہ خان کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے ٹويٹ کیا:’ Our leading lady in #Raees @themahirakhan @iamsrk @rahuldholakia @FarOutAkhtar ‘

،تصویر کا ذریعہZINDAGI
کراچی کی اداکارہ ماہرہ کی آخری فلم شعیب منصور کی معروف فلم ’بول‘ تھی جو سنہ 2011 میں آئی تھی۔
بالی وڈ منترا ڈاٹ کام کے مطابق وہ اس فلم میں بالی وڈ کے کنگ آف رومانس کہے جانے والے اداکار شاہ رخ خان کی بیگم کا کردار ادا کریں گی۔
اس فلم میں نوازالدین صدیقی بھی ہیں جو اطلاعات کے مطابق پولیس کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ شاہ رخ ایک گجراتی ڈان کا۔

،تصویر کا ذریعہZINDAGI
اس سے قبل ماہرہ نے ممبئی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارت میں اپنے سیریل کی وجہ سے شہرت پانے پر انھیں بہت خوشی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ ماہ جب وہ ممبئی میں تھیں تو فرحان اختر اور ریتیش سدھوانی نے ان سے ملاقات کی اور رئیس کے لیے ان سے بات کی۔
بالی وڈ سے ملنے والی خبروں کے مطابق اس سے قبل اس فلم کے لیے اداکارہ سونم کپور اور کریتی سنون کے نام پر بھی غور کیا گیاتھا تاہم یہ اہم کردار ماہرہ کی جھولی میں آیا۔







