’اب پاکستان کا مستقبل ہندوستان طے کرے گا‘: دھورندھر 2 کا ٹریلر اور سنجے دت کی سوشل میڈیا پوسٹ پر تنقید

مطالعے کا وقت: 6 منٹ

’اب پاکستان کا مستقبل ہندوستان طے کرے گا۔۔۔۔‘

رواں ماہ ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ’دھورندر دی ریوینج‘ میں پاکستانی پولیس افسر چوہدری اسلم کا کردار ادا کرنے والے اداکار سنجے دت نے اس فلم کا ٹریلر پوسٹ کرتے ہوئے یہ جملہ لکھا جس کے بعد سے انھیں ناصرف پاکستانی بلکہ انڈین مداحوں اور صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔

ان کی پوسٹ کے جواب میں آزاد میسر نامی صارف نے لکھا ’سوری سنجو بابا، پر حقیقت میں اب پاکستان طے کرے گا کہ ہندوستان کا مستقبل کیا ہو گا۔‘

جنید یوسف نامی صارف نے سنجے دت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’احترام کے ساتھ۔۔۔ کیا واقعی آپ کے پاس یہ اختیار ہے کہ آپ بتائیں کہ انڈیا پاکستان کا مستقبل طے کرے گا‘

ان کا اشارہ مئی 2025 میں پاکستان انڈیا کشیدگی کی جانب تھا۔

کئی صارفین نے انھیں مئی کی کشیدگی یاد دلائی تو کچھ ان پر یہ کہتے ہوئے تنقید کرتے نظر آئے کہ ’انڈیا اپنی مرضی سے روس سے تیل تو خرید سکتا نہیں ہے۔۔۔ اس کے لیے بھی امریکہ کی اجازت چاہیے۔۔۔ پاکستان کا مستقبل کیا طے کرنا۔‘

ہاشمی نامی صارف نے سنجے دت کے جواب میں طنز کرتے ہوئے لکھا ’آپ اپنی شکست کا بدلہ فلموں میں لیں، ہم تو اصل میں کرنا پسند کرتے ہیں۔‘

ممبئی سے پرینکا شرما لکھتی ہیں ’اپنا حال اور مستقبل امریکہ کے بھروسے ہے، یہ دوسروں کا مستقبل طے کریں گے۔‘

فلم کا پارٹ ٹو ’دھورندھر دا ریوینج‘ دنیا بھر میں 19 مارچ کو ریلیز کیا جا رہا ہے۔

پارٹ ون کے برعکس، جو صرف ہندی میں ریلیز ہوئی تھی، اس بار فلم پانچ زبانوں میں پیش کی جائے گی۔

فلم ’دھورندھر ٹو‘ کو آدتیہ دھر نے ڈائریکٹ کیا ہے اور یہ 2025 کی بلاک بسٹر فلم ’دھورندھر‘ کا سیکوئل ہے۔ رنویر سنگھ کے علاوہ اس بالی وڈ فلم میں ارجن رامپال، سنجے دت، سارا ارجن، راکش بیدی اور آر مدھون اہم کرداروں میں ہیں۔

پارٹ ٹو کے ٹریلر میں کیا ہے؟

’ہندو بہت ہی ڈرپوک قوم ہے۔۔۔۔ پڑوس میں ہی رہتے ہیں ہم۔۔۔ گودے بھر کا زور لگا لو اور بگاڑ لو جو بگاڑ سکتے ہو۔۔۔‘

یہ وہ جملہ ہے جس سے ساڑھے تین منٹ کے دورانیے پر مبنی ٹریلر شروع ہوتا ہے جو کئی ایسے کرداروں کے گرد گھومتا ہے جن کا تعلق پاکستان ہے۔

یہ جملہ غالباً ایک پاکستانی شخص کو فلم میں آئی بی ڈائریکٹر اجے سنیال (جن کا کردار اجیت دول پر بنیاد ہے) کے سامنے کہتے سنا جا سکتا ہے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ جسکرانت سنگھ رانگی (رنویر سنگھ) کس طرح را کے خفیہ ایجنٹ حمزہ علی مزاری بنے اور ایجنٹ بننے کی تربیت حاصل کی۔

یادر ہے دھورندھر ون میں حمزہ علی مزاری ایک انڈین ایجنٹ کے روپ میں کراچی کے علاقے لیاری پہنچ جاتا ہے اور لیاری گینگ وار سے وابستہ رحمان ڈکیت جیسا کردار بھی سامنے آتا ہے۔

اور لیاری گینگ وار کا ذکر ہو اور چوہدری اسلم کی بات نہ ہو یہ کیسے ہو سکتا ہے ۔۔۔ اور فلم میں کراچی پولیس کے ایس پی چوہدری اسلم کا کردار بھی شامل تھا۔

یاد رہے دھورندھر کے پارٹ ون کا اختتام رحمان ڈکیت کو گولیاں لگنے پر ہوا تھا۔۔۔ پارٹ ٹو کے ٹریلر میں رحمان کے قتل کے بعد کا لیاری دکھایا گیا ہے جہاں آئے روز دنگے فساد جاری ہیں اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ رحمان کی جگہ لیاری کا بادشاہ کون بنے گا؟

فلم کے پارٹ ٹو میں حمزہ مزاری (رنویر سنگھ) کے اصل کردار جسکرانت سنگھ رنگی کا تعارف بھی کرایا گیا ہے۔۔۔ اس حصے میں دکھایا گیا ہے کہ رنویر کو کس طرح جاسوسی کے لیے پاکستان بھیج دیا جاتا ہے۔

چوہدری اسلم کو بھی گولیاں چلاتے اور ایک شخص کو مارتے ہوئے یہ کہتے دکھایا گیا ہے کہ ’جہاں درد ہے وہاں مرد ہے۔۔‘

اور میجر اقبال کو تو آپ جانتے ہی ہوں گے۔ پارٹ ون میں ان کا ایک جملہ بہت مشہور ہوا تھا ’ضیا الحق نے ایک ایسی بات بولی جو میرے ذہن میں گڑ گئی۔ بلیڈ انڈیا ود دی تھاؤزنڈ کٹس۔‘

پارٹ ٹو میں بھی ان کے ایک ڈائیلاگ کے بہت چرچے ہیں۔

’انڈین فلمی صنعت پاکستان کے نام پر ہی چل رہی ہے‘

سوشل میڈیا پر اس ٹریلر کو پاکستانی صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل کا سامنا ہے۔

وجاہت نامی صارف نے لکھا ’اب انڈیا کا مستقبل امریکہ طے کرے گا۔‘

چوہدری عارف نامی صارف نے لکھا ’صورتحال یہ ہے کہ اب انڈین فلمی صنعت پاکستان کے نام پر ہی چل رہی ہے۔ کوئی بھی فلم جس میں پاکستان کا ذکر ہو، وہ ہٹ ہو جاتی ہے، اور جس میں ذکر نہیں ہوتا وہ ناکام ہو جاتی ہے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’جب کہانی یا سکرپٹ میں جان نہیں ہوتی اور اداکاری بھی تیسرے درجے کی ہو، تو بس اینٹی پاکستان بیانیہ لگا دو اور فلم ہٹ کروا لو۔‘

’دھورندھر ٹو‘ کے ٹکٹوں کی فروخت میں زبردست اضافہ

انڈین میڈیا کے مطابق دھورندھر ٹو کے پریویو ٹکٹوں کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم کے پریویو ٹکٹوں کی پیشگی فروخت شروع ہو گئی ہے اور مداح اسے لینے کے لیے بے تاب ہیں۔

فلموں کے ٹکٹ بک کرنے والی ایپ کے مطابق، ٹکٹ کی قیمتیں 2400 روپے تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ پریویو کے لیے قیمت کم از کم 300 روپے سے شروع ہوتی ہے۔

انڈین میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فلم کے ٹکٹ ملک بھر کے کئی بڑے تھیٹروں میں 40 ہزار سے زائد فروخت ہو چکے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ٹکٹوں کی کل فروخت تقریباً پانچ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔