ملتان ٹیسٹ: امام کی ففٹی، پاکستان کو جیت کے لیے مزید 157 رنز درکار

Cricket

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کے 355 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 198رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 157 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا تھا۔

امام الحق کی انجری کے باعث پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں اوپننگ کے لیے عبد اللہ شفیق کے ساتھ محمد رضوان آئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق امام الحق کو ٹانگ میں تکلیف کے باعث ہسپتال لے جایا گیا تھا، امام الحق دائیں ٹانگ میں ہیم سٹرنگ کی تکلیف محسوس کر رہے تھے جس کے باعث انھیں ایم آر آئی سکین کے لیے لے جایا گیا۔

پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پراعتماد آغاز کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بنائے تھے۔

محمد رضوان نے محتاط انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور 30 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم اولی روبنسن کی شاندار ان سوئنگ پر ایک رن بنا کر بولڈ ہوئے، عبد اللہ شفیق 45 رنز بنا کر مارک وڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 83 کے مجموعی سکور پر گری۔

Cricket

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ان کے بعد آنے والے کھلاڑی امام الحق اور سعود شکیل نے وکٹ پر جم کر کھیلا اور دونوں نے اپنی ففٹی مکمل کی۔چائے کے وقفے تک پاکستانی بیٹسمین نے تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے تھے۔

چائے کے وقفے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی اور تیسرے دن کے آخری سیشن میں امام الحق کی وکٹ لینے میں کامیاب ہو گئی۔ اور پاکستان کی چوتھی وکٹ 191 کے مجموعی سکور پر گری۔ امام الحق 60 رنز کے انفرادی سکور پر لیچ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد آنے والے فہیم اشرف نے انتہائی محتاط انداز میں وکٹ کو روکے رکھا۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سعود شکیل 54 رنز جبکہ فہیم اشرف تین رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

Cricket

،تصویر کا ذریعہGetty Images

یہ بھی پڑھیے

انگلینڈ کی دوسری اننگز

Cricket

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 202 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کیا تو ہیری بروک 74 اور بین سٹوکس 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

تاہم انگلینڈ کی پانچ وکٹیں اپنے گزشتہ روز کے مجموعی سکور میں صرف 73 رنز کا اضافہ کر پائیں اور پوری ٹیم 275 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اتوار کو تیسرے روز کھیل کے آغاز پر ہیری بروکس نے سیریز میں زبردست فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری کو سنچری میں بدل دیا، وہ 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھیں زاہد محمود نے آؤٹ کیا۔ تیسرے روز پہلے آؤٹ ہونے والے انگلش کھلاڑی بین سٹوکس تھے جو 41 رنز بنا کر نواز کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ اولی روبنسن تین، مارک وڈ چھ، جیمز اینڈرسن چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

Cricket

،تصویر کا ذریعہGetty Images

گزشتہ روز کھیل کے اختتام تک انگلینڈ کی ٹیم نے پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنا کر مجموعی برتری 281 رنز کرلی تھی جبکہ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم بابر اعظم اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں کے باوجود 79 رنز کے خسارے کے ساتھ 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے دوسری اننگز میں انگلینڈ کے چار کھلاڑی آؤٹ کر کے ڈیبیو ٹیسٹ میں اپنی 11 وکٹیں مکمل کیں۔

ان کے علاوہ، زاہد محمود نے تین اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان پاکستان کو آخری سیشن میں 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے، اس سے قبل انگلش ٹیم نے 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔