ازبک صدر اسلام کریموف کی حالت نازک

ازبکستان میں مقامی میڈیا پر چلنے والے حکومتی بیان کے مطابق ملک کے بیمار صدر اسلام کریموف کی حالت تشویش ناک ہے۔
انھیں فالج کے دورے کے بعد سنیچر کو ہسپتال داخل کروایا گیا تھا۔ حکومت کے مطابق ان کی حالت 24 گھنٹوں میں خراب تر ہوتی گئی ہے۔
دوسری طرف حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ 78 سالہ صدر کریموف انتقال کر چکے ہیں۔
اتوار کو ازبک حکومت نے کہا تھا کہ صدر کریموف کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور ان کا علاج جاری ہے تاہم اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔
اگلے ہی دن ان کی بیٹی نے بتایا کہ انھیں برین ہیمرج ہوا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبد الجلیل کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ازبک صدر کی صحت کے مسائل کو ریاستی راز کی طرح چھپایا گیا۔
اس مرتبہ رواں ہفتے کے بیانات میں پہلی مرتبہ حکومت نے اس موضوع پر کوئی اطلاع مہیا کی ہے۔



