ہلیری کلنٹن متعصب اور ہٹ دھرم ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

،تصویر کا ذریعہAP
امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امید وار ڈونلڈ ٹرمپ نے اقلیتی برادری سے ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی کی اپنی حریف ہلیری کلنٹن پر متعصب اور ہٹ دھرم ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
مسیسپی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حریف: ’مختلف نسل کے لوگوں کو ایسے نہیں دیکھتیں کہ وہ ایک بہتر مستقبل کے حقدار ہیں بلکہ انھیں صرف ووٹ کے طور پر دیکھتی ہیں۔‘
ٹرمپ نے مزید کہا کہ محترمہ کلنٹن اور ڈیموکریٹک پارٹی نے امریکہ کی افریقی برادری کا غلط فائدہ اٹھایا ہے۔
محترمہ کلنٹن نے بھی اس کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ نفرت کی تحریک کو مرکزی دھارے میں لارہے ہیں۔‘
ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ پر یہ کہہ کر سخت نکتہ چینی کی انھوں نے صدر اوباما کی شہریت پر سوال اٹھائے اور متنازع قوم پرست اور یہود مخالف رہنما ڈیوڈ ڈیوک سے دوری بنانے میں ناکام رہے۔
انھوں نے کہا کہ ووہ خود کٹّر پن، تعصب اور دماغی خبط کو گھر گھر جاکر فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
بدھ کے روز ہونے والی مسیسپّی کی اس ریلی میں برطانوی رہنما نائجل فراج بھی ٹرمپ کے ساتھ شامل ہوئے۔
فراج نے ہی برطانیہ کو یورپی یونین سے الگ ہونے کی مہم چلائی تھی جس کی وجہ سے ریفرنڈم میں وہ کامیاب ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے اس موقع پر ٹرمپ کے حامیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنا مارچ جاری رکھو اور انتخابی مہم کا آغاز کرو۔‘
حالیہ کچھ دنوں سے ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کی افریقی برادری کو اپنی طرف مائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کی انھیں بہت کم حمایت حاصل ہے۔
ایک حالیہ جائزے کے مطابق امریکہ کی افریقی برادری کی جانب سے انھیں صرف دو فیصد ہی ووٹ مل سکتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
گذشتہ ہفتے مشیگن میں سفید فام افراد پر مشتمل ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاہ فام ووٹرں کو مخاطب ہوکر کہا تھا کہ وہ غربت میں رہتے ہیں اور ان کے سکول بھی اچھے نہیں ہیں۔
انھوں نے سیاہ فام اقلیت سے کہا تھا کہ اگر وہ انھیں منتخب کرتے ہیں تو اس سے ان کا کیا نقصان ہوجائے گا۔
اب اس حوالے سے وہ اپنی حریف امیدرار ہلیری کلنٹن پر سخت انداز میں نکتہ چینی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’وہ آپ کا خیال نہیں کرتی ہیں، ان کی پالسیوں سے آپ کی برادری کو ملا ہی کیا ہے۔ انھیں تو اس پر افسوس بھی نہیں ہے اور وہ امریکن افریقی یا ہسپانوی ووٹرز کے لیے کچھ بھی نہیں کرنے والی ہیں۔‘
محترمہ کلنٹن کی اگلی ریلیاں رینو اور نواڈا میں ہونے والی ہیں جہاں امکان ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ پر انتہا پسندی کو اپنانے اور امریکہ کی غلط اور تقسیم کرنے والے نظریات پیش کرنے کا الزام عائد کریں گی۔







