انتخابی مہم پر ٹرمپ کے اخراجات ہیلری سے کم

خاص بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم پر زیادہ تر اپنے پیسے خرچ کیے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنخاص بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم پر زیادہ تر اپنے پیسے خرچ کیے ہیں

اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ میں رپبلکن جماعت کے صدارتی امیداوار ڈونلڈ ٹرمپ گذشتہ ماہ اپنی انتخابی مہم کے اخراجات میں دو گنا اضافہ کرنے کے باوجود اب بھی اپنی حریف ہیلری کلنٹن سے پیچھے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران جولائی میں ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالر خرچ کیے جبکہ ان کے مقابلے میں ڈیموکریٹک کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے اخراجات کر چکی ہیں۔

رپبلکن کے صدارتی امیدوار ٹوپیوں پر چار لاکھ 20 ہزار ڈالر سے زائد خرچ کر چکے ہیں۔ تاہم انھوں نے ٹی وی پر بڑی تشہیری مہم رواں ماہ ہی شروع کی ہے۔

اس کے علاوہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنیاں 650 ملین ڈالر کی مقروض تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی اب تک کی مہم کے اخراجات گذشتہ صدارتی مہموں کے مقابلے میں بہت کم رہے ہیں۔ ان میں سنہ 2012 میں براک اوباما اور مٹ رومنی کی مہم بھی شامل ہیں۔

سنیچر کے روز وفاقی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق جون میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 78 لاکھ ڈالر خرچ کیے تھے جس میں اضافے کے بعد جولائی میں یہ اعداد و شمار بڑھ کر ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔

ڈیموکریٹک کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے اپنی مہم پر تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے اخراجات کیے ہیں

،تصویر کا ذریعہGettyImages

،تصویر کا کیپشنڈیموکریٹک کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے اپنی مہم پر تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے اخراجات کیے ہیں

جہاں تک فنڈز کی بات ہے تو ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مہم کے ذریعے جولائی میں تین کروڑ 70 لاکھ ڈالر جمع کر چکے ہیں جبکہ ان کی حریف ہیلری کلنٹن نے پانچ کروڑ 20 لاکھ ڈالر اکھٹے کیے۔

اگست میں ٹرمپ کے اخراجات میں اضافہ ہونے والا ہے کیونکہ گذشتہ ہفتے ہی انھوں نے اپنے پہلی ٹی وی اشتہار پر 50 لاکھ ڈالر خرچ کیے ہیں۔ دوسری جانب ہیلری کلنٹن ٹی وی پر اپنی تشہیری مہم دو ماہ پہلے ہی شروع کر چکی ہیں اور اب تک ان پر چھ کروڑ ڈالر لگ چکے ہیں۔

ہیلری کی مہم میں ان کے کارکنوں کی تعداد سات سو کے قریب ہے جو کے ٹرمپ کے مقابلے میں دس گنا زیادہ تعداد ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں زیادہ تر اپنے پیسے خرچ کیے ہیں جو کہ تقریباً پانچ کروڑ ڈالر کی رقم ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق زیادہ تر قرض دہندگان جو کہ ٹرمپ کی حمایت کرتے ہیں میں ان میں بینک آف چائنہ اور گولڈمین سیک شامل ہیں۔ تاہم یہ وہ ادارے ہیں جنھیں ٹرمپ خود اپنی مہم کے دوران تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔