تھائی لینڈ میں فوجی کمیٹی کا لکھا آئین منظور ہو گیا

،تصویر کا ذریعہAFP
تھائی لینڈ میں ووٹروں کی واضح اکثریت نے فوج کی نامزد کمیٹی کے لکھے ہوئے آئین کے مسودے کی حمایت کی ہے، اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 61.45 ووٹروں نے اس کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
تھائی فوج نے 2014 میں کئی ماہ کے سیاسی عدم استحکام اور تشدد کے واقعات کے بعد برسرِ اقتدار آنے پر پرانے آئین کو معطل کر دیا تھا۔
تھائی لینڈ کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ریفرینڈم میں نئے آئین کو قبول کر لیا گیا تو یہ مکمل جمہوریت کی جانب اہم قدم ہوگا۔
تاہم مخالفین ووٹنگ کو غیر شفاف قرار دے رہے ہیں ان کے بقول اس مجوزہ آئین کے مخالفین کو مہم چلانے کی مکمل آزادی نہیں دی گئی۔
نئے مسودے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس سے ملک میں استحکام آئے گا، جب کہ دوسری جانب ناقدین کہتے ہیں کہ اس سے ملک پر فوج کا غلبہ مزید پکا ہو جائے گا۔
نسبتاً کم لوگوں نے رائے شماری میں حصہ لیا، جس کے دوران انھوں نے ایک اور نکتے پر بھی رائے دی جس کے تحت سینیٹ کو نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب میں شامل ہونے کا اختیار مل جائے گا۔
ریفرینڈم سے قبل ملک میں اس کے خلاف کسی قسم کی مہم چلانے پر پابندی تھی اور درجنوں لوگوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ تھائی لینڈ کی سب سے بڑی سیاسی جماعت نے اس کی مخالفت کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دو لاکھ سے زیادہ افراد تعینات کیے گئے تھے، البتہ احتجاج کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
غیرجانبدار مبصر گروپوں نے ووٹنگ کے عمل کی نگرانی کی درخواست کی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے اس کی اجازت نہیں دی۔
بینکاک سے ہمارے نمائندے جوناتھن ہیڈ کا کہنا ہے کہ جس طرح سے فوجی حکام ریفرینڈم کرا رہے ہیں اسے انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے وسیع پیمانے پر تنقید کا سامنا ہے۔
اس کے نتیجے میں آئین کے مسودے کے بارے میں لوگوں کو بہت کم معلومات ہیں یا وہ اس سے بالکل لاعلم ہیں کہ آخر اس میں ہے کیا۔
جس ایکٹ کے تحت یہ ریفرینڈم کرایا جا رہا ہے اس کی رو سے اس کے متن، تصاویر یا آواز کو مشتہر کرنا جرم قرار دیا گيا ہے۔







