ٹیکسس فائرنگ: کب اور کیسے ہوئی؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images

امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیلس میں پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ سے پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ریاست لوزیانا اور مینیسوٹا میں بھی مظاہرے جاری ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے اور ایک شخص نے پولیس کے سامنے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا ہے۔

ڈیلس کی پولیس کے سربراہ ڈیوڈ براؤن کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ’فائرنگ کرنے والوں نے زیادہ سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو مارنے اور زخمی کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔‘

نشانہ باز نے کب اور کیسے حملے کیے؟

1:45 منٹ پر گرینج کے معیاری وقت (جی ایم ٹی) کے مطابق سیام فام افراد کی ہلاکت پر ہونے والے مظاہروں کے دوران فائرنگ ہوئی۔ ٹی وی پر براہراست دکھانے جانے والے مناظر میں مظاہرین گولیاں چلنے کے بعد بھاگ رہے ہیں۔

3:45 منٹ پر ڈیلس پولیس کے سربراہ نے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ نشانہ بازوں نے مظاہروں میں موجود پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس میں کچھ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں اور کچھ شدید زخمی ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

5:30 منٹ پر پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے مرسیڈز گاڑی میں بیٹھے اُن دو افراد سے پوچھ گچھ کی جنھیں ایک پولیس اہلکار نے کیمو فلاج بیگ گاڑی کے پیچھے پھینک کر دوڑ لگاتا ہوئے دیکھا تھا۔

5:50 منٹ پر پولیس نے شہر کے مرکز میں واقع پارکنگ گیراج میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک مشتبہ شخص سے بات چیت شروع کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے تین افراد کو حراست میں لیا ہے جس میں سے ایک خاتون ہیں جبکہ باقی دو افراد کو سڑک پر گاڑی رکوا کر حراست میں لیا گیا۔

6:15 منٹ پر ایک ’دلچسپ شخص‘ جس کی پولیس نے تصویر شائع کی تھی، وہ پولیس کے سامنے پیش ہوا۔ جسے بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے جاری تصویر میں یہ شحض کیموفلاج میں ملبوس تھا اور اُس نے لمبی سی بندوق پکڑی ہوئی تھی۔

7:10 منٹ پر پولیس نے کہا کہ پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں اور چھ زخمی ہیں۔

8:00 امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ڈیلس کے پارکنگ گیراج میں پولیس کے ساتھ تکرار کرنے والے مشتبہ شخص کو مار دیا گیا ہے۔

فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کون ہیں؟

ڈیلس کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ نشانہ بازوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں میں 43 سالہ برینٹ تھامسن بھی شامل ہیں۔

تین دوسرے پولیس اہلکاروں کے شناخت 44 سالہ عمر کینن، 44 سالہ میسٹی میک برائیڈ اور 39 سالہ جیسسز رتنا کے نام سے ہوئی ہے۔

اس حملے میں کچھ دوسرے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم حکام نے ابھی تک ان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔