روس میں کشتیاں طوفان کی زد میں، گیارہ بچے ڈوب گئے

،تصویر کا ذریعہAP
شمالی روس کے علاقے کریلایا میں واقع نہر سیموزیرو میں کشتیاں ڈوبنے سے 11 بچوں سمیت کم از کم 12 بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلات کے مطابق کشتیاں ایک طوفان کی زد میں آکر حادثے کا شکار ہوئیں۔
روس کے دارالحکومت ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے بقول ابتدائی اطلاعات کے مطابق مرنے والے بچوں میں سے 10 کا تعلق ماسکو سے تھا اور وہاں تعطیلات کے سلسلے میں گئے ہوئے تھے۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس حادثے کا شکار ہونے والے 49 میں سے 36 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے متاثرہ بچوں کے ساتھ موجود انسٹرکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حادثے میں بچ جانے والوں میں سے 25 نہر میں موجود ایک جزیرے جبکہ 11 ایک مقامی گاؤں میں موجود ہیں۔
ماسکو کے میئر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’کریلایا میں ایک بڑا سانحہ ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ماسکو سے تعلق رکھنے والے دس بچے نہر سیموزیرو میں ڈوب گئے ہیں۔ میں ان کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کرنا چاہوں گا۔‘



