واک آف فیم کا واحد نام جو دیوار پر ہے

ہالی وڈ میں محمد علی کے واک آف فیم ستارے پر لوگ پھول رکھ کر انھیں نذرانۂ عقیدت پیش کر رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنہالی وڈ میں محمد علی کے واک آف فیم ستارے پر لوگ پھول رکھ کر انھیں نذرانۂ عقیدت پیش کر رہے ہیں

ہالی وڈ میں واک آف فیم میں تمام مشہور شخصیات کے نام زمین پر ہیں، سوائے محمد علی کے، جن کا نام دیوار پر لگایا گیا ہے۔

سنہ 2002 میں محمد علی کا نام بھی ہالی وڈ کی واک آف فیم میں شامل کیا گیا۔ اس واک آف فیم میں اداکاروں سمیت کئی موسیقاروں اور کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔

ان تمام افراد کے نام ہالی وڈ کی واک آف فیم نامی راہ گزر پر ہیں جو ہالی وڈ بلیوارڈ سے شروع ہوتی ہے اور وائن سٹریٹ پر ختم ہوتی ہے۔

تاہم محمد علی کے نام کا واحد ستارہ ہے جو زمین پر نہیں بلکہ دیوار پر آویزاں ہے۔

محمد علی کے لیے خاص یہ رعایت دی گئی تھی کیونکہ محمد علی نے کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ میرا نام زمین پر لکھا جائے اور ان پر وہ لوگ چلیں جن کے دل میں میرے لیے کوئی عزت نہیں ہے۔

محمد علی 11 جنوری 2002 کو اپنے واک آف فیم ستارے پر دستخط کرتے ہوئے
،تصویر کا کیپشنمحمد علی 11 جنوری 2002 کو اپنے واک آف فیم ستارے پر دستخط کرتے ہوئے

’میرا نام پیغمبر اسلام کا نام ہے اور یہ ناممکن ہے کہ میں اس بات کی اجازت دوں کہ اس نام پر لوگ چلیں۔‘

ہالی وڈ کی واک آف فیم پر 2500 کے قریب مشہور شخصیات کے نام کے ستارے موجود ہیں اور یہ تمام نام ستارے کے ہمراہ زمین پر لکھے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ باکسنگ کے سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن محمد علی ہفتے کو 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

وہ سانس کی تکلیف کے باعث دو دن سے امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس کے ایک ہسپتال میں داخل تھے۔

انھیں پارکسنز کا مرض بھی لاحق تھا جس کی وجہ سے ان کی سانس کی تکلیف میں اضافہ ہو گیا تھا۔

ان کے اہل خانہ کے مطابق ان کی تدفین ان کے آبائی ریاست کینٹکی کے شہر لوئس ول میں ہوگی۔