یورپ میں بارشیں، فرانس کےبعض علاقے آفت زدہ قرار

،تصویر کا ذریعہReuters
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے اعلان کیا ہے کہ شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے گا۔
کسی علاقے کو آفت زدہ قرار دینے سے فنڈ کی فراہمی آسان ہو جاتی ہے۔
مرکزی فرانس کے قصبوں کو کئی عشروں میں شدید ترین بارشوں کا سامنا ہے۔
پیرس سےگذرنے والے دریائے سین کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شہر کی زیر زمین میٹرو کو بند کر دیا گیا ہے۔
پورے یورپ میں شدید بارشوں کی وجہ سے دس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یورپ میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی جرمنی میں چار افراد کے ڈوبنے کی خبر ہے جبکہ دو لاپتہ ہیں اس کے علاوہ ہزاروں گھروں میں بجلی نہیں ہے۔
وسطی فرانس کے کچھ علاقے بدترین سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔سیلاب سے متاثرہ ایک گھر سے ایک عمر رسیدہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فرانس میں ہزاروں لوگوں کو سیلاب سے نکالا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
محکمہ موسمیات نے پورے وسطی یورپ میں وسطی فرانس سے یوکرین تک شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔
وسطی فرانس میں ایک دن کے وقفے کے بعد پھر دریاؤں کا پانی خطرے کے نشان سے کہیں اوپر بہہ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا دباؤ کم ہونے کے سبب یورپ کے زیادہ تر علاقوں میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں اور اگلے چند دنوں میں موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
فرانس سے بیلجئیم، جرمنی سے جنوبی پولینڈ، رومانیہ، مالدووا اور یوکرین تک اس آواخرِ ہفتہ شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی جرمنی کے ایک گھر کے تہہ خانے میں تین عورتیں ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔
سیلاب کا پانی کاروں، درختوں یہاں تک کے گھروں کے فرنیچر کو بہا کر لے گیا۔
آسٹریا کی سرحد پر تمام سڑکیں اور سکول بند ہیں۔







