’مواخذے کی تحریک کی بنیاد جھوٹ پر ہے‘

،تصویر کا ذریعہReuters
بحران میں گھری برازیلی صدر جیلما روسیف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بےقصور ہیں اور پارلیمان میں اپنے خلاف مواخذے کی تحریک کا سامنا کریں گی۔
انھوں نے کہا کہ وہ اپنی جدوجہد ترک نہیں کریں گی اور اگر ان کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور ہو بھی گئی تب بھی وہ حکومت میں واپس آئیں گی۔
جیلما روسیف پر سرکاری رقوم کو اپنی مرضی سے استعمال کرنے کا الزام ہے، جس سے وہ انکار کرتی ہیں۔
ملک کا سینیٹ آئندہ ہفتے مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کرے گا اور اگر یہ کارروائی شروع ہو گئی تو ملک کے آئین کے تحت روسیف چھ ماہ کے لیے صدر کے عہدے سے معطل ہو جائیں گی۔
برازیل کے ایک اخبار کی طرف سے کیے گئے ایک جائزے کے مطابق 81 سینیٹروں کی اکثریت صدر کے مواخذے کی حامی ہے۔
جیلما روسیف نے کہا کہ انھیں نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہ بےگناہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’حکومتی ارکان اور ہمارے حمایتی سمجھتے ہیں کہ مواخذے کی کارروائی غیر قانونی اور ناجائز ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ یہ ناجائز اور غیر قانونی اس وجہ سے ہے کہ اس کی بنیاد جھوٹ پر رکھی گئی ہے اور مواخذے کے پردے میں بالواسطہ انتخاب کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا :’ ہم مزاحمت، مزاحمت اور مزاحمت کریں گے۔‘ انھوں نے کہا کہ وہ ’لڑ کر فتحمند ہوں گی اور میرٹ کی بنیاد پر اپنا عہدہ دوبارہ حاصل کریں گی۔‘
روسیف پر انتخابات سے قبل اپنے دورِ اقتدار میں 2014 کے بجٹ میں رد و بدل کر کے ملک کی معیشت کی بہتر تصویر پیش کرنے کا الزام ہے۔







