کرپٹ سیاست دانوں کے خلاف ’آپریشن کار واش‘

،تصویر کا ذریعہ.

برازیل کی حکومت کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس بدعنوان سرکاری ملازمین، سیاست دانوں، تاجروں اور صنعت کاروں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں جمع کیے گئے سرمائے میں سے 12 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ملک واپس لائے گئے ہیں۔

برازیل کی وزارتِ قانون نے کہا ہے کہ 12 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی رقم گذشتہ ایک دہائی میں وطن واپس لائی گئی رقم سے آٹھ گنا زیادہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد سے مذاکرات کرنے کی ’پلی بارگین‘ کی پالیسی کی وجہ سے ان کھاتوں اور اثاثوں کی نشاندھی ہو پائی اور انھیں واپس لانے میں مدد ملی۔

اس رقم کا زیادہ تر حصہ سرکاری آئل کمپنی پیٹروبار سے خرد برد کر کے ملک سے باہر لے جایا گیا تھا۔

برازیل میں کرپشن کے خلاف ’آپریشن کار واش‘ کے نام سے جاری کارروائی میں درجنوں اعلٰی اہلکار اور سیاست دانوں کو گرفتار کر کے ان سے مبینہ طور پر کمپنی کے ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزامات میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خرد برد کیے جانے والے سرمائے کا کچھ حصے رشوت اور انتخابی مہم میں استعمال کیا گیا۔

ایک مقامی اخبار کے مطابق سنہ 2005 اور سنہ 2014 کے درمیان حکام صرف ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ہی بیرون ملکوں بینکوں سے حاصل کر پائے تھے۔

کار واش آپریشن کے تحت چلنے والی تحقیقات کے ذریعے سنہ 2015 میں نو کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ملک واپس لائے گئے۔

اطلاعات کے مطابق یہ پیسہ سوئٹزر لینڈ کے بینکوں سے حاصل کر کے برازیل واپس لایا گیا ہے اور یہ پیسہ پیٹروبار کو واپس دیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہ.