امریکہ و برطانیہ کے تجارتی معاہدوں میں برسوں لگ سکتے ہیں

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ اگر برطانیہ نے یورپی یونین کو چھوڑ دیا تو اس کے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں دس برس کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر نے کہ اس پر عملی طور پر ہم کچھ کر سکیں تب تک ہمیں پانچ سال لگ سکتے ہیں، دس سال لگ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے برطانیہ کو یورپین یونین سے علیحدگي پر متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا وہ امریکہ کے ساتھ تجارت کے معاملے میں قطار میں آخری ہوگا۔
تاہم ان کے اس بیان پر یورپی یونین چھوڑنے کے حق میں مہم چلانے والوں نے شدید تنقید کی تھی۔
یوکے آئی پی کے نائجل فراج نے کہا کہ اوباما برطانیہ کو زیر کر رہے تھے جبکہ ٹوری لیام فوکس نے کہا کہ ان کے خیالات بے محل ہیں۔
امریکی صدر نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ برطانیہ یورپی یونین سے علحیدگی کی صورت میں اتنی تیزی سے امریکہ کے ساتھ بات چیت نہیں کر پائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ہم اپنے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر یورپی مارکیٹ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بات چیت کی کوششیں ترک نہیں کریں گے۔
ادھر امریکی صدارتی دوڑ میں شامل ہلیری کلنٹن نے بھی واضح کیا ہے کہ یورپی یونین چھوڑنا برطانیہ کی غلطی ہوگا۔
ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ ہمیں اپنے سب سے قریبی دوست اور اتحادیوں کی بات کو سننا چاہیے۔‘
خیال رہے کہ یورپی یونین میں رہنے یا اس سے علیحدہ ہونے کے لیے برطانیہ میں 23 جون کو ریفرنیڈم ہوگا۔
امریکی صدر تین روزہ دورے پر برطانیہ میں موجود ہیں۔







