ڈونلڈ ٹرمپ اپنا تاثر بدلنے کی کوشش کریں گے

،تصویر کا ذریعہReuters

رپبلکن پارٹی کے رہنماؤں کو ایک بند کمرے کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ساکھ اور عوام میں اپنے تاثر کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق رپبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے جماعت کے پرائمری انتخابات میں سبقت رکھنے والے امیداور ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ پیغام اپنے معتمدوں کے ذریعے بھیجا ہے۔

رپبلکن جماعت کے پرائمری انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی سے رپبلکن جماعت کے کرتا دھرتا افراد تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں کہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کا لب و لہجہ اور مختلف اہم معاملات پر ان کے بیانات ووٹروں پر منفی اثرا ڈالیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو اب تک مندوبین کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے لیکن وہ 1237 کے ہدف سے کہیں کم ہے۔ اگر پرائمری انتخابات میں کوئی امیدوار 1237 مندوبین کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو پھر وہ پارٹی کی نامزدگی حاصل کر لیتا ہے اور پھر پارٹی کے کنوینشن کی ضرورت نہیں پڑتی جہاں پارٹی کے عہدیداران میں مذاکرات کے بعد امیدوار کو نامزد کیا جاتا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کو جمعرات کو ہونے والے رپبلکن پارٹی کے اجلاس کی جو ریکارڈنگ حاصل ہوئی ہے اس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدمین نے پارٹی رہنماؤں کو بتایا ہے کہ ٹرمپ اپنی شخصیت کا جو تاثر قائم کرنا چاہ رہے ہیں اور جو کردار وہ ادا کر رہے ہیں وہ ابھی ارتقا پذیر ہے۔

اس اجلاس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حال ہی میں مقرر کیے گئے مشیر پال مانافورٹ نے رپبلکن نیشنل کمیٹی ارکان سے کہا کہ ٹرمپ کی ایک شخصیت انتخابی مہم کے دوران نظر آ رہی ہے اور نجی زندگی میں وہ ایک مختلف شخصیت کے مالک ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جب وہ سٹیج پر آتے ہیں اور وہ مختلف معاملات پر بات کرتے ہیں تو وہ اپنے آپ کو ایک مختلف روپ میں پیش کرتے ہیں۔

مینافورٹ نے کہا کہ ٹرمپ کو اپنی شخصیت میں ٹھہراؤ اور سنجیدگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ منفی تاثر کو ذائل کرنے کی کوشش کریں گے اور عوام میں ان کا تاثر بدل جائے گا۔

خصوصی طور پر خواتین ووٹرز میں ڈونلڈ ٹرمپ کا تاثر ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ خواتین کے بارے میں متنازع بیانات، سقط حمل پر ان کا موقف اور اپنے مد مقابل ٹیڈ کروز کی بیوی کے بارے میں کلمات ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے گزشتہ ہفتے نیویارک میں جماعت کے پرائمری الیکشن میں ان کی فیصلہ کن کامیابی کے بعد تقریر میں ٹرمپ قدرے مختلف نظر آئے۔

امریکی ریاست پینسلوینا میں جمعرات کو اپنی تقریر کے دوران انھوں نے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں اس قدر سنجیدہ صدارتی لبادے میں نظر آئیں گے کہ ان کے ووٹر ان سے بور ہو جائیں گے۔