ڈرون حملے میں دولت اسلامیہ کا ماہر جنگجو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکہ کا کہنا ہے کہ شام اور عراق کے بعض حصوں پر قابض جنگجو تنظیم دولت اسلامیہ کا ایک جنگجو ان کے ڈرون حملے میں مارا گیا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ دولت اسلامیہ کا یہ جنگجو شمالی عراق میں امریکیوں پر تباہ کن حملے کا ذمہ دار تھا۔
کرنل سٹیو وارن نے بتایا ہے کہ جسیم خدیجہ نامی یہ جنگجو راکٹ ٹکنالوجی کا ماہر کہا تھا اور وہ حملوں کی کمان اپنے ہاتھوں میں رکھتا تھا۔
گذشتہ ماہ جب دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا تھا جس میں ایک امریکی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
یہ فوجی اڈہ امریکہ کے استعمال میں تھا۔
یہ سنہ 2014 میں جب امریکہ نے اس جنگجو گروپ کے خلاف پہلا حملہ کیا اس کے بعد سے دوسرا امریکی فوجی ہے جو دوران جنگ ہلاک ہوا ہے۔
اس سے قبل امریکی وزارت دفاع نے تصدیق کی تھی کہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے سینیئر کمانڈر عمر شیشانی امریکہ کے فضائی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔



