متحدہ عرب امارات: وزیر برائے مسرت بنانے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہGetty
متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنی کابینہ میں نئی وزارتیں بنانے کی حکمت عملی کے تحت وزیر مملکت برائے مسرت کے قلمدان کا اعلان کیا ہے۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کا کہنا ہے کہ ’یہ وزارت معاشرے میں اچھائی اور اطمینان لانے کے لیے پالیسیاں بنائے گی۔‘
اسی حکمت عملی کے تحت وزارت برائے برداشت بھی بنائی گئی ہے۔
شیخ محمد کا کہنا ہے کہ کئی وزارتوں کوضم کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انھوں نے حکومت کے بہت سے شعبوں کی خدمات نجی اداروں کو سونپنے کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔
پیر کو عالمی حکومتی اجلاس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’حکومتوں کو لچک دار ہونا چاہیے۔ ہمیں مزید وزارتوں کی ضرورت نہیں لیکن مزید وزرا کی ضرورت ہے جو تبدیلی کے ساتھ کام کر سکیں۔‘
’ہم ایک نوجوان اور لچکدار حکومت چاہتے ہیں جو نوجوان نسل کی خواہشات کو پورا کر سکے اور ہمارے لوگوں کا اعتماد حاصل کر سکے۔‘
شیخ محمد نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ ’وزیر مملکت برائے برداشت کو نیکی اور اخلاق کو متحدہ عرب امارات کے معاشرے میں بطور بنیادی قدر کے پھیلانا ہو گا۔‘
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی یوتھ نیشنل کونسل بنانے کا بھی اعلان کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ ’نوجوان مرد و خواتین کا ایک بہترین گروپ حکومت کو نوجوانوں کے مسائل کے بارے میں بتائے گا جس کا انتظام ایک خاتون وزیر مملکت برائے یوتھ چلائے گی جن کی عمر 22 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’نوجوانوں کا جوش حکومت کو مستقبل میں قوت فراہم کرے گا۔‘







