میکسیکو کا ڈان گرفتاری کے بعد جیل منتقل

،تصویر کا ذریعہReuters
میکسیکو میں حکام نے منشیات فروشوں کے گروہ کے سابق سربراہ جوکوئین ’الچاپو‘ گزمین کو گرفتاری کے بعد اسی انتہائی نگرانی والی جیل میں منتقل کر دیا ہے جہاں سے وہ چھ ماہ قبل فرار ہوگئے تھے۔
انھیں سنیچر کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے کے بعد حکام نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وسطی میکسیکو میں واقع الٹیپلانو نامی جیل بھیج دیا گیا۔
وہ جولائی میں یہیں سے<link type="page"><caption> ڈیڑھ کلو میٹر لمبی سرنگ کے ذریعے فرار ہوئے تھے</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/07/150712_guzman_again_escaped_hk" platform="highweb"/></link>۔
گزمین کو جمعے کو ان کی آبائی ریاست سنالوا کے ساحلی شہر لاس موچس سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر چھاپے کے دوران وہ گٹر کے راستے فرار ہونے میں کامیاب رہے تھے تاہم بعدازاں وہ میکسیکن فوجیوں سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد پکڑے گئے تھے۔
میکسیکو کے صدر اینریک پینا نیٹو نے گزمین کی گرفتاری کو قانون کی فتح قرار دیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘مشن مکمل؛ ہم نے اسے پکڑ لیا۔‘
میکسیکو کے اٹارنی جنرل آرلی گومیز کا کہنا ہے کہ گزمین کے بارے میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ اپنی زندگی پر فلم بنوانا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں انھوں نے اداکاروں اور پروڈیوسروں سے رابطے کیے جس سے ان کے بارے میں تازہ معلومات ملیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ایک اندازے کے مطابق گزمین ایک ارب ڈالر کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا شمار دنیا کے مطلوب ترین منشیات فروشوں میں ہوتا ہے اور ان کا گروہ کوکین، بھنگ، چرس اور دیگر منشیات امریکہ میں جہاز، زمین اور سمندر کے راستے سمگل کرتا رہا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے جوکوئین گزمین کی گرفتاری کی اطلاع دینے والے کے لیے 50 لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزمین کو سنہ 1993 میں 20 سال کی سزا سنا کر جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم وہ اس سے پہلے بھی آٹھ سال بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
وہ 13 سال تک فرار رہے اور انھیں سنہ 2014 میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔







