’پرامید ہیں کہ پاکستان حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کرے گا‘

،تصویر کا ذریعہAP
امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہے کہ پاکستان پٹھان کوٹ میں بھارتی ایئر بیس پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔
اس سے قبل پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ اس حملے کے تناظر میں بھارتی حکومت سے ملنے والی معلومات پر کام کیا جا رہا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پیر کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جنگجو گروپس کو نشانہ بنانا چاہیے۔
خیال رہے کہ پٹھان کوٹ میں حملے کی ذمہ داری کشمیری عسکریت پسند گروہوں کے اتحاد یونائیٹڈ جہاد کونسل نے قبول کی ہے جو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں برسرِ پیکار ہے۔
پٹھان کوٹ پر ہونے والے تازہ حملے کو بھارت اور پاکستان کے درمیان حال میں شروع ہونے والی قیام امن کی کوششوں کو متاثر کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
جان کربی نے کہا: ’حکومت پاکستان نے اس معاملے میں پر زور انداز میں آواز اٹھائی ہے اور ہمیں امید ہے کہ جس طرح انھوں نے اس پر بیان دیا ہے وہ اسے اسی طرح برتیں گے۔ ہم پاکستانی حکومت کی اعلیٰ سطح سے یہ امید کرتے ہیں کہ وہ جنگجو گروپس کو ضرور نشانہ بنائیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہEPA
پٹھان کوٹ پر شدت پسند حملہ سنیچر کی صبح شروع ہوا تھا جب بھارتی فوج کی وردیوں میں ملبوس حملہ آوروں کا ایک گروپ ایئر بیس کے رہائشی علاقے میں گھس آیا تھا۔
حملے اور اس کے بعد سرچ آپریشن کے دوران پانچ حملہ آور اور سات بھارتی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فوج اب بھی دو ہزار ایکڑ پر پھیلے اس وسیع احاطے میں تلاش اور صفائی کا کام کر رہی ہے۔
اسی تناظر میں پاکستان کے دفترِ خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’اپنے وعدے کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے پاکستانی حکومت بھارتی حکومت سے مکمل رابطے میں ہے اور ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات پر کام کر رہی ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عزم دکھانا ہوگا۔







