شمالی کوریا میں جوہری تجربات کے مقام کے قریب زلزلہ

،تصویر کا ذریعہAP
شمالی کوریا میں ایک ایسے مقام کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جو ماضی میں جوہری تجربات کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔
جاپان، چین اور جنوبی کوریا کے حکام نے زلزلے کے بعد کہا ہے کہ ایسے اشارے ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجی ری کے قریب آنے والا یہ زلزلہ قدرتی نہیں تھا۔
پنجی ری ہی وہ مقام ہے جہاں سنہ 2006 سے اب تک شمالی کوریا تین مرتبہ زیرِ زمین جوہری بم کے تجربات کر چکا ہے۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 تھی اور یہ پنجی ری نامی مقام سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر دس کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
جاپانی کابینہ کے چیف سیکریٹری یوشیدے سوگا نے کہا ہے کہ ’ماضی کے واقعات کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ ممکن ہے کہ یہ شمالی کوریا کی جانب سے ایک جوہری تجربہ ہو۔‘
دوسری جانب جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یونہاپ کا کہنا ہے کہ حکومتی وزرا اس صورتحال پر ہنگامی ملاقات کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ہی ایک امریکی تھنک ٹینک نے کہا تھا کہ مصنوعی سیارے سے حاصل ہونے والی تازہ تصاویر کے مطابق شمالی کوریا اپنے جوہری تجربات کی جگہ پر ایک نئی سرنگ تعمیر کر رہا ہے۔
تاہم اس وقت رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہاں جوہری تجربہ کرنے کی کوئی علامات نظر نہیں آئی ہیں۔
عالمی برادری کو شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر شدید تحفظات رہے ہیں اور اس پروگرام کی سبب شمالی کوریا پر پابندیاں بھی عائد ہیں۔







