اسرائیلی فوجی پر چاقو سے حملہ کرنے والے’دو فلسطینی ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایک فوجی پر چاقو سے حملہ کرنے والے دو فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔
جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ واقعہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب بیت الخلیل نامی شہر میں پیش آیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دو حملہ آوروں نے فوجی پر چاقو سے وار کیے اور جواب میں خطرے کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوجیوں نے حملہ آوروں پر فائرنگ کی جس سے وہ مارے گئے۔‘
خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور دیگر علاقوں میں رواں برس اکتوبر کے مہینے سے چاقو کے حملوں میں تیزی آئی ہے اور ایسے حملوں میں 19 اسرائیلی اور ایک امریکی شہری مارا جا چکا ہے۔
اسی عرصے کے دوران اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ہاتھوں 107 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے سے قبل جمعرات کو بیت المقدس اور غربِ اردن کے علاقوں میں حملوں کے واقعات میں ایک اسرائیلی پولیس اہلکار، ایک فوجی اور ایک راہ گیر زخمی ہوا جبکہ دو مبینہ فلسطینی حملہ آور مار دیے گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ان مرنے والوں میں سے فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورس کا 37 سالہ رکن ماذن حسن تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس شخص کے بارے میں اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ اس نے غربِ اردن کے گاؤں حضمہ کے نزدیک اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی تھی۔







