چین کا افریقہ میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAFP
چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ براعظم افریقہ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 60 ارب ڈالر مالیت کی معاونت اور قرضے فراہم کرے گا۔
چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ اس پیکج میں بلا سود قرضے، وظائف اور ہزاروں افریقیوں کے لیے تربیت شامل ہے۔
چین کے صدر نے یہ اعلان جوہانسبرگ میں افریقہ اور چین کے درمیان ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا۔
شی جن پنگ نے 35 افریقی رہنماؤں سے خطاب میں کہا کہ افریقہ کی مسلسل ترقی کو روکا نہیں جا سکتا۔
اجلاس کے شریک میزبان جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے افریقہ اور چین کی گہری دوستی کو خوش آئند قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا: ’چین افریقہ کا سب سے بڑا تجارتی شریک بن گیا ہے، افریقہ چین کی برآمدات کے بڑے خریداروں میں شامل ہے اور چین کا دنیا میں چوتھا بڑا سرمایہ کاری کا مرکز ہے۔‘
یہ دو روزہ اجلاس ایسا دوسرا موقع ہے جب چین نے افریقی رہنماؤں کو اکٹھا کیا ہے۔
چین کے سرکاری ادارے کے مطابق تین سالہ تعاون میں دس مختلف شعبوں میں کام کیا جائے گا جن میں صنعت کاری، زراعت میں جدت، معاشی خدمات، ماحولیاتی ترقی، امن اور سلامتی شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چین کے صدر کا کہنا تھا کہ یہ ان کا مجموعی طور پر افریقہ کا ساتواں جبکہ بحیثیت چینی صدر دوسرا دورہ ہے اور اس دوران انھوں نے وہاں ترقی اور تبدیلی دیکھی ہے۔







