چین اور جنوبی افریقہ کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

ماہرین کے مطابق اس دورے کا مقصد افریقہ میں چین کی گرتی ہوئی سرمایہ کاری پر فکرمند حلقوں کو مطمئن کرنا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنماہرین کے مطابق اس دورے کا مقصد افریقہ میں چین کی گرتی ہوئی سرمایہ کاری پر فکرمند حلقوں کو مطمئن کرنا ہے

چین اور جنوبی افریقہ نے 5.6 ارب ڈالر کی مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے کا اعلان چینی صدر شی جن پنگ کے جنوبی افریقہ کے دورے کے موقعے پر ہوا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے۔

کل 26 معاہدوں پر اتفاق کیا گیا ہے جس میں سے ڈھائی ارب ڈالر جنوبی افریقہ کی قومی ریل کمپنی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

چین نے افریقہ میں مختلف ممالک کو قرض دے رکھے ہیں جن کے بدلے میں یہ چین کو سستا تیل فراہم کرتے ہیں، تاہم چین میں تیل کی حالیہ مانگ میں کمی کا افریقہ سے تجارت پر گہرا اثر پڑا ہے۔

چین کی کامرس کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے حصے میں افریقہ میں چین کی سرمایہ کاری میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔

ماہرین کے مطابق صدر شی جنگ پنگ کا دورہ کسی حد تک افریقہ میں چین کی گرتی ہوئی سرمایہ کاری پر فکرمند حلقوں کو مطمئن کرنے کے لیے منعقد کیا ہے۔

صدر شی کا دورہ منگل کو زمبابوے میں شروع ہوا جہاں انھوں نے اس ملک کی مشکلات کا شکار معیشت کو سہارا دینے کی یقین دہانی کرائی۔

جمعے کو وہ جوہانسبرگ میں دو روزہ سربراہی اجلاس کی صدارت کریں گے جہاں افریقی ممالک کے کئی سربراہان کی آمد متوقع ہے۔

امید کی جا رہی ہے کہ اجلاس کے نتیجے میں افریقہ میں اربوں ڈالر لاگت کے منصوبوں کے لیے رقوم کی فراہمی پر اتفاق ہو جائے گا۔