نیو آرلینز میں فائرنگ، کم از کم 16 افراد زخمی

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہMichael DeMockerNOLA.com The TimesPicayune via AP

،تصویر کا کیپشن واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر نیو آرلینز میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے ایک پارک میں پیش آیا جہاں سینکڑوں افراد ایک میوزک ویڈیو کی عکس بندی اور ایک بینڈ پریڈ کے لیے جمع تھے۔

پولیس سپریٹنڈنٹ مائیکل ہیریسن کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شام مقامی وقت کے مطابق سات بجے کے قریب شہر کے اپر نائنتھ وارڈ میں واقع بنی فرینڈ پارک میں پیش آیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مائیکل ہیریسن کا کہنا تھا کہ انھیں جو اطلاعات ملی ہیں ان کے مطابق متعدد حملہ آوروں نے تین سو سے زیادہ افراد کے مجمع پر گولیاں چلائیں۔

تین عینی شاہدین نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ انھوں نے ایک شخص کو چاندی کے رنگ کی بندوق سے مسلح دیکھا جبکہ جب وہ فائرنگ کر کے بھاگا تو مجمع کے اندر سے بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

نیوآرلینز پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے حملہ آوروں کی تعداد دو بتائی ہے۔

اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

خیال رہے کہ یہ رواں برس ریاست لوئیزیانا میں عوامی مقام پر فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل جولائی میں ایک حملہ آور نے لافایٹ نامی شہر کے سنیما گھر میں فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کرنے اور متعدد کو زخمی کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی تھی۔