جنوبی کوریا کے بحری جہاز سے شمالی کوریا کی کشتی پر فائرنگ

 شمالی کوریا اس سمندری سرحد کو متناضع گردانتا ہے اور اس سے پہلے بھی اسے عبر کر چکا ہے
،تصویر کا کیپشن شمالی کوریا اس سمندری سرحد کو متناضع گردانتا ہے اور اس سے پہلے بھی اسے عبر کر چکا ہے

جنوبی کوریا کی بحریہ نے شمالی کوریا کی ایک کشتی پر فائرنگ کی ہے جو اس کے پانیوں میں داخل ہو گئی تھی۔

جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یون ہیپ کے مطابق شمالی کوریا کی ایک پیٹرول بوٹ سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے سمندری سرحد پار کر کے جنوبی کوریا کے پانیوں میں داخل ہو گئی اور اس پر پانچ فائر کیے گئے۔

شمالی کوریا اس سمندری سرحد کو متنازع گردانتا ہے اور اس سے پہلے بھی اسے عبور کر چکا ہے۔

شمالی کوریا نے اپنی کشتی پر جنوبی کوریا کی فائرنگ کو ’انتہائی اشتعال انگیزی‘ قرار دیا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبراں رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق یہ کشتی ’معمول‘ کے آپریشن پر تھی۔

جنوبی کوریا نے گزشتہ برس فروری میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کی ایک پیٹرول بوٹ نے کئی مرتبہ اس کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔

دونوں ممالک کے بحری جہازوں میں گزشتہ برس اکتوبر میں یونپیونگ جزیرے کے قریب فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔

حالیہ واقع ایسے وقت پیش آیا ہے جب دونوں ممالک سنہ 1953-1950 کی کوریا جنگ میں بچھڑ جانے والے خاندانوں کے ملاپ کے پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ہیں۔