شمالی کوریا کا جوہری ری ایکٹر ’مکمل طور پر کام کر رہا ہے‘

،تصویر کا ذریعہScience Photo Library
شمالی کوریا نے کہا ہے اس کا سب سے بڑا جوہری ری ایکٹر یونگ بیونگ اب ’مکمل طور پر کام کر رہا ہے۔‘
سرکاری خبررساں ادارے کے سی این اے کے مطابق شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کے ’معیار اور تعداد‘ میں بہتری لارہا ہے۔
یونگ بیون ری ایکٹر سنہ 2007 میں بند کر دیا گیا تھا تاہم شمالی کوریا نے اپنے تیسرے جوہری تجربے اور علاقائی کشیدگی کے بعد اسے سنہ 2013 میں دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
یہ ری ایکٹر شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کے لیے پلوٹونیم کا ذریعہ ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو روکنے کے حوالے سے چھ ملکی مذاکرات سنہ 2009 سے تعطل کا شکار ہیں۔
منگل کو کے سی این اے کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا امریکی جارحیت کا ’اپنے جوہری ہتھیاروں سے کسی بھی وقت‘ سامنا کرنے لیے تیار ہے۔
بہرحال، شمالی کوریا کی مکمل جوہری صلاحیت کے بارے میں تاحال واضح نہیں ہے۔
شمالی کوریا کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے جوہری ہتھیاروں کو میزائل پر نصب کرنے والے چھوٹے آلات تیار کر لیے ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب امریکی حکام نے ان دعووں پر شک و شبہات کا اظہار کیا ہے اور ماہرین کے مطابق جنوبی کوریا کے چھوٹے سائز کے ہتھیاروں کی تیاری کو جانچنا ایک مشکل عمل ہے۔







