شمالی کوریا: حکمراں جماعت کی 70 ویں سالگرہ پر جشن

،تصویر کا ذریعہReuters
شمالی کوریا میں حکمراں جماعت ورکرز پارٹی کی 70 ویں سالگرہ کے موقعے پر تاریخ کا سب سے بڑا جشن منا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس موقعے پر بکتر بند گاڑیوں اور بیلسٹک میزائلوں کے کارواں کے علاوہ دارالحکومت پیونگ یانگ میں فوجیوں کی پریڈ شروع ہو چکی ہے۔
شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان اس جشن کی صدارت کریں گے تاہم کوئی بھی معروف عالمی رہنما اس تقریب میں شرکت نہیں کر رہا ہے۔
رات تیز بارش کے سبب پریڈ قدرے تاخیر سے شروع ہوئی۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے اس کے باوجود اس تقریب پر دنیا کی نگاہیں ہوں گی کہ شمالی کوریا اس موقعے پر کسی نئے فوجی سازو سامان کی نمائش تو نہیں کرتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا ذریعہReuters
جب شمالی کوریا نے رواں سال کے اوائل میں اس جشن کو منانے کا اعلان کیا تو حکومت نے جدید دور کی جنگوں کے لیے موزوں ’جدید ترین‘ ہتھیاروں کی بات کہی تھی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ شمالی کوریا کے پہلے رہنما کم ال سونگ کے پوتے کم جونگ ان دن بھر جاری رہنے والی اس تقریب میں کسی مرحلے پر خطاب بھی کریں گے۔
یہ واضح ہے کہ اس تقریب سے جنوبی کوریا اور امریکہ کو بطور خاص نافرمانی کا اشارہ دیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
حکام نے سنیچر کو ہونے والی تقریبات کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں تاہم ہزاروں شہری مختلف چوراہوں پر ٹارچ لائٹ پریڈ کی مشق کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ امید کہ یہ پریڈ شام کو ہوگی۔
دریا کے کنارے ایک بڑا سٹیج بھی لگایا گیا ہے جہاں دیر رات خواتین پر مشتمل شمالی کوریا کا معروف ترین میوزیکل بینڈ ’موران بونگ‘ اپنا پروگرام پیش کرے گا۔

،تصویر کا ذریعہAP
شمالی کوریا کے سب سے قریبی دوست چین نے اس موقعے پر اپنی کمیونسٹ پارٹی کے ایک سینیئر رہنما کواس تقریب میں شرکت کے لیے روانہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کوریا کا جوہری پروگرام خطے میں خطرے کا سبب رہا ہے اور پیونگ یانگ نے تین بار زیرِ زمین جوہری تجربہ کر رکھا ہے جبکہ بین الاقوامی مذمت اور پابندیوں کے باوجود چوتھے کی دھمکی دے رکھی ہے۔







